آزاد کشمیر، وزیراعظم عہدے کے خواہشمندوں کی تعداد نصف درجن ہو گئی

August 01, 2021

اسلام آباد (طارق بٹ) آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے) کے وزیر اعظم کے عہدے کے خواہش مندوں کی تعداد نصف درجن ہو گئی ہے جس میں اضافہ ہوسکتا ہے جیسا کہ وزیر اعظم عمران خان امید واروں کے انٹرویوز کر رہے ہیں۔ اس فہرست میں دو مزید اضافے کوٹلی سے منتخب ہونے والے نثار انصار اور باغ سے واپس آنے والے سردار قیوم نیازی کے ہیں۔ معتبر طور پر معلوم ہوا ہے کہ وہ خاص طور پر وزیراعظم کے ساتھ اپنے الگ الگ انٹرویوز کے لیے اپنے آبائی شہروں سے وفاقی دارالحکومت پہنچے۔ مانا جاتا ہے کہ خواہشمندوں کے وسیع گروہ کا وزن کرنے کے بعد وزیراعظم اپنے آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم کو منتخب کرنے کے لیے بہتر پوزیشن میں ہوں گے۔ لیکن عین اسی وقت ایک گمنام شخص جس کا عوامی طور پر تذکرہ نہیں کیا جا رہا ہے ، وہ عہدہ سنبھال لے گا۔ آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کو آرام دہ اکثریت کی وجہ سےعمران خان کسی بھی پریشر گروپ کا سہارا نہیں لیں گے کیونکہ انہیں امید ہے کہ کوئی بھی منتخب قانون ساز ان کے فیصلے کی خلاف ورزی نہیں کرے گا۔ مقابلہ کرنے والوں کی فہرست میں نئے شامل ہونے والے نثار انصار اوور سیز پاکستانی ہیں اور برطانوی شہریت رکھتے ہیں۔ انہوں نے پہلی بار کھوئی رٹہ ، کوٹلی سے الیکشن لڑا۔ ان کے انتخاب کے لیے خصوصی انتظام کیا گیا تھا جیسا کہ چوہدری رفیق ایڈووکیٹ ، جو ایک سے زائد بار وزیر رہ چکے ہیں، کو اسی نشست کے لیے اپنے کاغذات نامزدگی داخل نہ کرنے کیلئے اس وعدے کے ساتھ خاص طور پر کہا گیا تھا کہ انہیں ٹیکنوکریٹ کیلئے خصوصی نشست کیلئے اسپانسر کیا جائے گا۔