آئیسکو میں میٹرز، تار کی قلت، صارفین نئے کنکشن سے محروم

August 01, 2021

اسلام آباد (ناصر چشتی/خصوصی نمائندہ) آئیسکو میں ضروری آلات ‘ میٹر اور تاروں کی عدم دستیابی کے علاوہ لاہور سے مرمت ہو کر آنیوالے ٹرانسفارمرز فیصل آباد بھجوانے کی وجہ سے راولپنڈی اسلام آباد میں ٹرانسفارمرز کی قلت سے صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔ فیصل آباد میں گزشتہ دنوں بجلی کے شدید بحران کے باعث متعدد افسران کو فارغ کر دیا گیا تھا۔ صورتحال کنٹرول کرنے اور ٹرانسفارمرز کی قلت دور کرنے کیلئے مختلف بجلی کمپنیوں سے ٹرانسفارمر فیصل آباد پہنچا کر صورتحال کو کنٹرول کیا گیا۔ ادہر آئیسکو میں خراب ہونے والے ٹرانسفارمرز لائن سٹاف کو خود مرمت کرانے کے احکامات سے شدید تشویش پیدا ہو گئی ہے کیونکہ مقامی طور پر مرمت ہونے والے ٹرانسفارمرز کسی بھی وقت حادثے کا سبب بن سکتے ہیں۔ مون سون میں ٹرانسفارمر کی زیادہ ضرورت پڑتی ہے مگر آئیسکو ذرائع کے مطابق اس وقت آئیسکو کے سٹور میں ٹرانسفارمر کم ہیں۔ دوسری طرف 2ماہ سے نئے کنکشن کی منظوری حاصل کرنے والے صارفین سٹور میں میٹرز اور تاروں کی قلت کی وجہ سے نئے کنکشن سے محروم ہیں۔ صارفین نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سٹور میں میٹرز اور تاروں کی دستیابی یقینی بنائی جائے تاکہ انہیں کنکشن مل سکیں۔