نجی تعلیمی اداروں کا کینٹ سے منتقلی کے احکامات چیلنج کرنیکا اعلان

August 01, 2021

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ‘ نمائندہ جنگ) کینٹ سے بے دخلی کسی صورت قبول نہیں کریں گے‘ نجی تعلیمی اداروں کی فوری منتقلی کے حوالے سے کنٹونمنٹ بورڈ کے احکامات کو ہائی کورٹ میں چیلنج کریں گے، ملک بھر کے تمام کنٹونمنٹ بورڈز پر مشتمل نیشنل کونسل تشکیل تشکیل دی جائے گی۔ چھاؤنی کی حدود میں قائم 7ہزار سے زائد پرائیویٹ سکولوں میں کام کرنے والے 3 لاکھ اساتذہ ودیگر ملازمین اور 20 لاکھ سے زائد بچوں کا ہر صورت دفاع کریں گے۔ کنٹونمنٹ بورڈز رولز میں ترمیم کے لئے تمام تر صلاحیتیں برؤئے کار لائیں جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار آل پاکستان پرائیویٹ سکولز اینڈ کالجز ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر ملک ابرار حسین، سیکرٹری جنرل محمد اشرف ہراج، صوبائی صدر پنجاب راجہ محمد الیاس کیانی، سینئر نائب صدر رانا سہیل، ڈویژنل صدر عرفان مظفر کیانی نے کنٹونمنٹ بورڈ ایشو کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مقررین نے کہا کہ کنٹونمنٹ حکام سپریم کورٹ کے فیصلے کی غلط انداز میں تشریح کر کے 31 دسمبر تک پرائیویٹ سکولز کو اپنی حدود سے باہر نکالنا چاہتے ہیں۔ معاملے کو ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے‘ ملک بھر میں کنٹونمنٹ بورڈز کی نمائندہ تنظیموں سے مشاورت کر رہے ہیں۔ وزیراعظم‘ چیف جسٹس، آرمی چیف معاملے کا نوٹس لیں بصورت دیگر تعلیمی اداروں کو بچانے کیلئے انتہائی اقدام سے بھی گریز نہیں کریں گے۔ اجتماع سے جنرل سیکرٹری ضلع راولپنڈی افتخار محمود، شاہد محمود، چوہدری، عمیر اعوان، عمران درانی، عبداللہ خدامی نے خطاب کیا۔