کراچی میں انتہائی نگہداشت بیڈز پر 55 فیصد کورونا مریض ہیں: فیصل سلطان

August 01, 2021


وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا کہنا ہے کہ ملک میں مجموعی طور پر کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد سے زائد ہے، جبکہ کراچی میں 55 فیصد کورونا مریض انتہائی نگہداشت کے بیڈز پر موجود ہیں۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے سربراہ، وفاقی وزیر اسد عمرکے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ویکیسن لگانے سے بیمار ہونےکا رسک 10 گنا کم ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند دنوں میں روزانہ 480 سے 500 افراد اسپتال پہنچ رہے ہیں، کورونا وائرس کی چوتھی لہر سے گزر رہے ہیں، کورونا کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے بتایا کہ کورونا وائرس کی چوتھی لہر کے باعث ہیلتھ کیئر سسٹم پر دباؤ واضح ہے، کیسز کے باعث شعبۂ صحت پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماسک پہننے، ہجوم میں نہ جانے، کمروں کو ہوا دار رکھنے سے کورونا وائرس سے بچا جا سکتا ہے، ہیلتھ کیئر سسٹم پر دباؤ ایبٹ آباد، اسلام آباد اور دیگر شہروں میں بھی ہے۔

وزیرِ اعظم عمران خان کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ویکسین لگانے پر بیماری کا خطرہ 10 گنا کم ہو جاتا ہے۔