ایران نے بحری جہاز پر حملے کے اسرائیلی الزامات مسترد کردیئے

August 02, 2021

تہران (جنگ نیوز) ایران کا کہنا ہے کہ وہ عمان کے ساحل پر اسرائیلی پیٹرولیم مصنوعات کے ٹینکر پر حملے میں ملوث نہیں ہے، یہ واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا تھا جس میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسرائیل نے مذکورہ حملے کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے آن لائن ہفتہ وار کانفرنس میں بات کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست (اسرائیل) نے عدم تحفظ، دہشت گردی اور تشدد کو جنم دیا ہے، تہران مذکورہ واقعے میں ایران کے ملوث ہونے کے الزام کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے الزامات بے بنیاد ہیں جن کا مطلب یہ ہے کہ اسرائیل حقائق سے توجہ ہٹانا چاہتا ہے۔