کراچی میں 24 گھنٹے ویکسین کہاں کہاں لگائی جارہی ہے؟

August 02, 2021


حکومتِ سندھ نے کراچی میں 24گھنٹے کام کرنےوالے مزید11ویکسین سینٹرز قائم کردیے، 24 گھنٹے کام کرنے والے ویکسین سینٹر کی کُل تعداد 12 ہوگئی۔

کراچی میں ایکسپو سینٹر کےعلاوہ مزید گیارہ ویکسی نیشن سینٹرز نے کام شروع کردیا، کراچی، حیدر آباد اور سندھ کے دوسرے شہروں میں ویکسی نیشن کے لیے مراکز پر رش بڑھنے لگا۔

ایکسپو سینٹر پر ویکسی نیشن کیلئے عوام کے شدید رش کے بعد حکومتِ سندھ نے ایک بڑا فیصلہ کرتے ہوئے مزید 11 ویکسین سینٹر قائم کیے ہیں جہاں 24 گھنٹے عوام کو ویکسین لگائی جائے گی۔

محکمہ صحت سندھ نے عوام کی سہولت کےلئےجن اسپتالوں میں 24گھنٹے ویکسی نیشن سہولت فراہم کی ہیں ان میں ضلع وسطی میں سندھ گورنمنٹ چلڈرن اسپتال، سندھ گورنمنٹ لیاقت آباد اور سندھ گورنمنٹ اسپتال نیو کراچی ، ضلع شرقی میں ایکسپو سینٹر، اوجھا اسپتال، ضلع جنوبی میں خالق دینا ہال، جناح اسپتال اور لیاری جنرل اسپتال، ضلع غربی میں سندھ گورنمنٹ قطر اسپتال، ضلع ملیر میں مراد میمن گوٹھ اسپتال اور ضلع کورنگی میں سندھ گورنمنٹ گورنگی نمبر پانچ اور سندھ گورنمنٹ اسپتال سعود آباد 2 شامل ہیں۔

سی ویو کے قریب کلفٹن میں سہہ پہر4 سے رات 12بجے تک ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن بھی کی جاری ہے۔