ماہرہ خان نے اداکاری کے اپنے تجربے کا کھل کر اظہار کردیا

August 02, 2021

ماہرہ خان نے فلم میں کام کرنے اور اس دوران اپنے تجربے کا کھل کر اظہار کردیا اور اسی تجربے کی روشنی میں انھوں نے شہریار منور پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

انسٹاگرام پر خوبرو اداکارہ نے شہریار منور کی ہدایتکاری میں بننے جارہی شارٹ فلم کا پوسٹر شیئر کیا۔

خیال رہے کہ اس شارٹ فلم کے ساتھ شہریار منور ہدایتکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھنے جارہے ہیں۔

فلم کا پوسٹری شیئر کرتے ہوئے ماہرہ خان نے تحریر کیا کہ بطور اداکار خود کو ہدایتکاروں، دیکھنے والوں اور پوری دنیا کو سونپ دیتے ہیں، تاہم اکثر اوقات اس تجربے سے ہم خود کی حفاظت اس طرح کرتے ہیں کہ خود کو مکمل طور پر ان یادوں اور سوچ میں نہیں ڈالتے جن سے نبردآزما ہونا ہمارے لیے بہت مشکل ہو۔

انھوں نے اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے کا کہ میں جانتی ہوں کہ میں نے خود کی حفاظت کے لیے ایسا کئی مرتبہ کیا ہے۔

ماہرہ کا کہنا تھا کہ بسا اوقات آپ اپنے ڈائریکٹر کو یہ اجازت دیتے ہیں کہ وہ آپ کو ایسے واقعات یاد کروائے، یہ سب کچھ خوفناک ہے مگر ساتھ ہی ساتھ یہ آپ کو آزاد بھی کردیتا ہے۔

انھوں نے شہریار منور کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں خود کو آپ کے وژن کے حوالے کرتی ہوں اور مجھے اس پر ذرا بھی افسوس نہیں ہے۔

ماہرہ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے بطور اداکار اور دوست آپ پر فخر ہے۔

ساتھ میں انھوں نے اپنے اس پروجیکٹ کے ساتھی اداکار زاہد احمد اور پوری ٹیم کے ساتھ کام کرنے کو بہترین قرار دیا۔

اداکارہ نے شہریار منور کو مخاطب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ آپ ہمیشہ ایک ہیرے کی مانند جگمگاتے رہیں۔