عمرہ زائرین کی آمد کی حتمی تاریخ کا جلد اعلان ہو گا: سعودی نائب وزیرِ حج

August 03, 2021

سعودی نائب وزیرِ حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط کا کہنا ہے کہ عمرہ زائرین کی آمد کی حتمی تاریخ کا جلد اعلان ہو گا۔

یہ بات سعودی نائب وزیرِ حج و عمرہ عبدالفتاح مشاط نے اپنی زیرِ صدارت جدہ میں منعقدہ اجلاس میں کہی۔

اجلاس میں مسجد نبوی صلی اللّٰہ علیہ وسلم کی زیارت سے متعلق حفاظتی تدابیر کا جائزہ بھی لیا گیا۔

دوسری جانب سعودی عرب کے حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ 12 سال اور زائد عمر کے طلباء کو کورونا وائرس کی ویکسینیشن مکمل ہونے پر اسکول آنے کی اجازت ہو گی۔

سعودی عرب کے حکام کی جانب سے اس ضمن میں ہدایت کی گئی ہے کہ طلبہ 29 اگست کو تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلے ویکسینیشن مکمل کر لیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کورونا وائرس کے مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں 47 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

مملکت میں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 8 ہزار 259 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 27 ہزار 877 تک جا پہنچی ہے۔