بھارت: دہلی میں دلت لڑکی کو زیادتی کے بعد قتل کرکے لاش جلادی گئی

August 03, 2021

بھارتی دارالحکومت دہلی کے جنوب مغربی علاقے میں اتوار کو ایک 9 سالہ دلت لڑکی کو مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بناکر قتل کردیا گیا اور بعد ازاں اس قبیح جرم کا ارتکاب کرنے والوں نے اس کی لاش جلادی۔

منگل کو دہلی پولیس نے بتایا کہ جب اس واقعے کی تفتیش شروع کی گئی تو فارنزک ٹیم کو جلی ہوئی ارتھی سے صرف اس کی ٹانگیں اور راکھ ہی مل سکی۔

اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ زیادتی کرنے والے چار مشتبہ افراد کو گزشتہ روز لڑکی کی والدہ کی نشاندہی پر گرفتار کیا گیا۔

لڑکی کے خاندان کا کہنا ہے کہ پولیس انھیں ہراساں کررہی ہے، جبکہ پولیس کا کہنا ہے کہ تفتیش جاری ہے اور جرم کا ارتکاب کرنے والوں کو کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

اس بچی کا خاندان پیر سے قاتلوں کی گرفتاری اور انھیں سزائے موت دینے کے لیے مظاہرہ کررہا ہے جبکہ دلت برادری کی لیڈر شپ بھی انکے ساتھ شامل ہے۔