اسکاٹش حکومت جلد ڈیجیٹل ویکسین پاسپورٹ کا آغاز کرے گی

August 04, 2021

گلاسگو (طاہر انعام شیخ) اسکاٹش حکومت پیپر کوویڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ کے بجائے جلد ہی ڈیجیٹل ویکسین پاسپورٹ کا آغاز کررہی ہے۔ کوویڈ ویکسی نیشن سرٹیفکیٹ میں کسی بھی فرد کے بارے میں تمام تفصیلات درج ہوتی ہیں کہ اس نے کب اور کون سی ویکسین لی تھی، حال ہی میں پیپر سرٹیفکیٹ کے بارے میں کئی سیکورٹی تحفظات سامنے آئے تھے کیونکہ اس ورژن کو ڈائون لوڈ کیا جاسکتا تھا، یہ سرٹیفکیٹ ایسے لوگوں کی ضرورت ہوتی ہے جوکہ بیرون ملک سفر کرنا چاہتے، اس امر کا بھی امکان ہے کہ ڈیجیٹل ویکسین پاسپورٹ پر کسی فرد پر کورونا سے ہونے والے حملے پھر صحت یابی اور منفی ٹیسٹ کی تفصیلات بھی درج ہوں گی اور اس ویکسین پاسپورٹ کو دیگر کئی مواقع مثلاً کسی میوزک کنسرٹ وغیرہ میں داخلے کے موقع پر استعمال کیا جاسکے گا۔ پیپر سرٹیفکیٹ کی وجہ سے ائر پورٹس پر نہ صرف مسافروں کی لمبی لمبی قطاریں لگ رہی تھیں بلکہ اسٹاف اور مسافروں کے ایک دوسرے سے قریبی رابطے کے امکانات بھی بڑھ جاتے ہیں، یہ بات قابل ذکر ہے کہ جوں جوں کورونا سے متعلق صورتحال میں بہتری آرہی ہے ڈیجیٹل ویکسین پاسپورٹ کی ضرورت بھی بڑھتی جارہی ہے۔