ملک مشتاق جے کے ایل ایف کے نئے الیکشن کمشنر منتخب

August 04, 2021

لوٹن (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کے الیکشن کمیشن کا اجلاس ہوا جس میں نو منتخب ممبر کمیشن سینئر رہنما ملک مشتاق سلائو کو اتفاق رائے سے نیا الیکشن کمشنر منتخب کیا گیا جب کہ اعجاز ملک لوٹن بدستور سیکرٹری الیکشن کمیشن کے فرائض سرانجام دیں گے۔ بعد ازاں نئے منتخب الیکشن کمشنر ملک مشتاق کی صدارت میں اجلاس ہوا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن اعجاز ملک کو کنونشن کیلئے ایک ضابطہ اخلاق تیار کرنے اور ممبران الیکشن کمشن کیلئے الگ ضابطہ اخلاق ترتیب دینے کی ذمہ داری دی گئی۔ جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کی عبوری کنوینر کمیٹی کے گزشتہ اجلاس میں کئے گئے فیصلوں کے مطابق جموں کشمیر لبریشن فرنٹ برطانیہ زون کی تنظیم نو 15 ستمبر 2021 کو مکمل ہونا قرار پائی، اس فیصلے کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے یہ واضح کیا کہ 15ستمبر 2021 رات 12بجے تنظیم نو مکمل ہونے کے بعد کوئی نئی برانچ قائم ہو گی اور نہ ہی کوئی نیا ممبر لیا جائے گا۔ برطانیہ زون کے ممبران کو ممبر شپ کی تجدید کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ ’’فری یاسین ملک کنونشن‘‘ کا انعقاد، دستور اساسی کی حکمرانی کو قائم رکھتے ہوئے مکمل کیا جا سکے۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن اعجاز ملک کے مطابق ایگزیکٹو کمیٹی کے لئے انتخابات میں حصہ لینے کے خواہش مند ممبران کیلئے جلد ایپلی کیشن فارم شائع کیا جائے گا۔ ستمبر کے آخری ہفتے میں انتخابات میں حصہ لینے والے اُمیدواروں سے درخواستیں وصول کی جائیں گی۔ اگر درخواستوں پر کوئی اعتراض لگا تو الیکشن کمیشن کی دو رکنی کمیٹی تین دن میں ان اعتراضات کو حل کرکے امیدواروں کو واپس کرے گی۔ اجلاس کے شرکاء میں ممبران الیکشن کمیشن طارق شریف لندن، حاجی اقبال بیڈفورڈ، ملک مشتاق سلائو اور سردار مشتاق نوٹنگھم شامل تھے ۔ خیال رہے کہ قبل ازیں الیکش کمشنر فرنٹ کے فرائض برطانیہ کے سابق صدر حاجی راجہ رئوف انجام دے رہے تھے مگر وہ کچھ عرصہ قبل وفات پا گئے ہیں۔