پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ظلم کی انتہا ہے، وجاہت اللہ خان

August 04, 2021

پشاور(جنگ نیوز)پیپلز یوتھ آرگنائزیشن خیبرپختونخوا کے صوبائی نائب صدر وجاہت اللّٰہ خان اور صوبائی نائب صدر سید حماد شاہ نےحکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا ہے اور کہاہے کہ نااہل حکومت پہلے دن سے ہی مافیا کو خوش کرنے پر تلی ہوئی ہے اور اسے عوام کی بجائے انہی مافیا کے مفاد عزیز ہے . مالی سال کے بجٹ میں اپنے کرم فرماں مافیا کو نوازنے کے بعد باقی ماندہ کسر تیل کے نرخوں میں حالیہ اضافے کی صورت میں پوری کردی گئی. وجاہت اللّٰہ خان سید حماد شاہ نے مزید کہا کہ ہم نے ابتداء ہی سے کہاہے کہ نیازی اور اس کی ٹیم ناکام اور مفاد پرستوں کا ٹولہ ہے اور مفادات کے حصول تک ہی ان کا ساتھ رہے گا. اس لیے عمران نیازی اور اس کی یہی مراعات یافتہ مسلط ٹیم وقتا فوقتا عوام پر کبھی مہنگائی اور کبھی ٹیکسوں کی صورت میں بوجھ ڈال کر نمک حلالی کررہے ہیں لیکن پی پی پی نااہل حکومت کے ان ظالمانہ اقدامات پر کبھی خاموش نہیں رہے گی اور قوم کو نااہلوں اور سلیکٹیڈ حکمرانوں سے نجات دلاکر رہے گی۔