اولمپکس، ارشد نے کر دکھایا، جیولن تھرو فائنل میں رسائی، میڈل کی امید روشن

August 05, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) 24 سالہ ارشد ندیم نےکردکھایا،انہوں نے ٹوکیو اولمپکس کے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل مقابلے تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ بدھ کی صبح کوالیفائنگ مقابلوں میں انہوں نے 85.16میٹر دور نیزہ پھینک کر گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ وہ فائنل میں جگہ بنانے والے 12ایتھلیٹس میں مجموعی طور پر تیسرے نمبر پر رہے۔ ارشد ندیم اولمپکس کی تاریخ میں پہلے پاکستانی ایتھلیٹ ہیں جنھوں نے کسی ’انویٹیشن کوٹے‘ یا وائلڈ کارڈ کے بجائے اپنی کارکردگی کی بنیاد پر اولمپکس کے لیے براہ راست کوالیفائی کیا ہے۔وہ اولمپکس میں پاکستان کیلئے تمغہ جیتنے کی آخری امید ہیں۔ جیولن تھرو کے فائنل مقابلے سات اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 4بجے شروع ہوں گے۔ ارشد اولمپکس کی تاریخ میں کسی بھی ٹریک مقابلے کے فائنل میں شرکت کرنے والے پہلے پاکستانی ہونگے۔ ارشد2019 میں نیپال میں86اعشاریہ29 میٹرز فاصلے تک نیزہ پھینک کر ساؤتھ ایشین گیمز کا ریکارڈ قائم کر چکے ہیں ۔ گروپ اے میں شامل بھارتی ایتھلیٹ نیرج چوپڑا86.65کی تھرو کے ساتھ پہلی جب کہ جرمنی کے جوہانیس ویٹر 85.64کی تھرو کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ حیران کن طور ٹاپ جیولن تھرورز جولیئس یگو، چاو سن سینگ ، کیشورن ویلکوٹ، مارسن کرووسکی، برنہارٹ سیفرٹ اور اینڈرسن پیٹرس فائنل تک کوالیفائی کرنے میں ناکام رہے۔ ایونٹ میں شریک 32ایتھلیٹس کو فائنل تک رسائی کیلئے پہلے 83.5کی تھرو درکار تھی، ارشد ندیم پہلی باری میں تو 78.5 کی تھرو کرسکے لیکن دوسری باری میں انہوں نے 85.16کی تھرو کرکے فائنل کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا۔ یہ ارشد ندیم کی اپنے کیرئیر کی تیسری بہترین تھرو تھی۔ اولمپکس میں جیولن تھرو کا ریکارڈ ناروے کے ایندریاس تھورکلڈسن نے 2008 کے بیجنگ اولمپکس میں 90.57 کی تھرو کرکے قائم کیا تھا۔ جمہوریہ چیک کے یان زیلزنی 98.48کی تھرو کے ساتھ ورلڈ ریکارڈ کے حامل ہیں۔ خیال رہے کہ ارشد ندیم کئی غیر ملکی ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھا چکے ہیں۔ وہ2016 میں بھارت میں ساؤتھ ایشین گیمز، ویتنام میں ایشین جونیئر ایتھلیٹکس چیمپئن شپ ، 2017 میں باکو میں اسلامک سالیڈیرٹی گیمز اور پھر 2018میں جکارتہ میں ایشین گیمز میں کانسی کے تمغے جیت چکے ہیں۔ اُنھوں نے کامن ویلتھ گیمز میں آٹھویں جبکہ2019 میں قطر میں ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں سولہویں پوزیشن حاصل کی ۔ انہوں نے 81.52میٹرز کے ساتھ نیا قومی ریکارڈ بھی قائم کیا۔ اُسی سال اُنھوں نے کٹھمنڈو میں منعقدہ ساؤتھ ایشین گیمز میں 86 اعشاریہ 29 میٹرز کے ساتھ ان کھیلوں کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے اولمپکس کی تیاری کیلئے ایران میں ہونے والے مقابلے میں نہ صرف گولڈ میڈل جیتا بلکہ 86.38 میٹرز دور نیزہ پھینک کر اپنا ہی قومی ریکارڈ بہتر بنایا۔