ارشد کرکٹر بننا چاہتے تھے،قد دیکھ کر جیولن تھرو کیلئے تیار کیا، کوچ رشید

August 05, 2021

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ارشد ندیم کا تعلق میاں چنوں کے قریب واقع گاؤں سے ہے۔ ان کے والد راج مستری ہیں ۔ ارشد ندیم شادی شدہ ہیں ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے۔ ارشد ندیم کے کیریئر میں دو کوچز رشید احمد ساقی اور فیاض حسین بخاری کا اہم کردار رہا ہے۔ رشید احمد ساقی نے برطانوی ویب سائٹ کو بتایا کہ انہیں شروع سے ہی کھیلوں کا شوق تھا۔ ابتدا میں وہ کرکٹر بننے کے لیے بہت سنجیدہ بھی تھے، وہ اپنے ا سکول کے بہترین ایتھلیٹ تھے۔ میں نے ان کی ٹریننگ کی ذمہ داری سنبھالی۔ ارشد ندیم شاٹ پٹ، ڈسکس تھرو اور دوسرے ایونٹس میں بھی حصہ لیتے تھے لیکن میں نے ان کے دراز قد کو دیکھ کر جیولن تھرو کے لیے تیار کیا، ٹریننگ کے لیے پاکستان ایئر فورس بھیجا لیکن ایک ہفتے بعد ہی واپس بلا لیا۔ آرمی بھی انہیں لینا چاہتی تھی لیکن میں نے انکار کیا، آخرکار وہ واپڈا کیلئے منتخب ہوگئے۔