سن ڈانس فلم فیسٹیول، شرکا کیلئے ویکسی نیشن کرانا لازمی قرار

August 05, 2021

نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر میں کورونا وائرس کے کیسز میں دوبارہ اضافے کی وجہ سے سن ڈانس فلم فیسٹیول نے اگلے سال منعقد ہونے والے ایونٹ میں شرکا کے لیے ویکسینیشن کرانا لازمی قرار دے دیا۔امریکی میڈیا کے مطابق فیسٹیول کی ڈائریکٹر تبیتھا جیکسن نے کہا کہ تمام شرکا کے لیے مکمل طور پر ویکسینیٹڈ ہونا لازمی ہے۔سن ڈانس فلم فیسٹیول آئندہ سال 2022 میں امریکی ریاست یوٹاہ میں منعقد ہوگا اور اس حوالے سے تیاریاں بھی شروع کردی گئی ہیں۔2022 میں منعقد ہونے والے اس فیسٹیول یا سن ڈانس سے منسلک دیگر تقریبات کے شرکا کے لیے بھی کووڈ-19 سے بچاؤ کی ویکسین کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔جس کا مطلب یہ ہے کہ فیسٹیول کے رضا کاروں سے لے کر فلم سازوں اور ایونٹ میں شرکت کے پاس وصول کرنے والوں کو بھی ویکسین لگوانی ہوگی۔سن ڈانس فلم فیسٹیول میں صحت کے تحفظ سے کیے جانے والے دیگر انتظامات اگلے چند مہینوں میں سامنے آئیں گی۔ رواں برس کے اوائل میں بڑے پیمانے پر منعقد ہونے والے ورچوئل سن ڈانس فلم فیسٹیول کے بعد منتظمین یوٹاہ کے پارک سٹی اور سالٹ لیک سٹی میں 2022 میں تقاریب کے انعقاد کے منصوبہ بندی کررہے ہیں۔علاوہ ازیں امریکا بھر کے مقامی تھیٹرز میں بھی فیسٹیول کی ʼسیٹلائٹʼ اسکریننگ کی جائے گی۔سن ڈانس فلم فیسٹیول سال2022میں 20 سے 30 جنوری کے درمیان منعقد ہوگا۔