ماہرہ خان اور عائشہ عمر کی وزیراعظم سے گھریلو تشدد سے تحفظ کا بل منظور کروانے کی درخواست

August 05, 2021

کراچی (آئی این پی) اداکارہ ماہرہ خان اور عائشہ عمر نے وزیراعظم عمران خان سے درخواست کی ہے کہ وہ گھریلو تشدد سے تحفظ کا بل منظور کروائیں۔ ماہرہ خان نے وزیراعظم کی ایک ویڈیو اپنے ٹوئٹر اکانٹ پر ری ٹوئٹ کی جس میں وہ اسلام آباد میں بہیمانہ طریقے سے قتل ہونے والی نور مقدم کیس کے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہہ رہے تھے کہ نورمقدم کے قاتل کو قانون کے مطابق سزا ہوگی۔ماہرہ خان نے وزیراعظم کے اس بیان کو سراہا اور ان سے درخواست کی کہ اب گھریلو تشدد سے تحفظ کا بل بھی منظور کروائیں۔ ماہرہ نے مزید لکھا جب تک قوانین موجود نہیں ہوں گے، تب تک خواتین ہمیشہ زیادتی کا شکار رہیں گی۔ احتساب لازمی ہونا چاہئے۔اداکارہ عائشہ عمر نے ماہرہ خان کی اس ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا اور وزیراعظم سے یہی مطالبہ کیا جو ماہرہ خان نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا یقینی طور پر یہ بھی ایک ترجیح ہونی چاہئے۔ عائشہ عمر نے اپنی ٹوئٹ میں مزید لکھا روزانہ کئی خواتین گھریلو تشدد کا سامنا کرتی ہیں اور اسے گھر کا معاملہ قرار دے دیا جاتا ہے۔ خواتین کو تحفظ کی ضرورت ہے۔