اکشے کمار کی فلم ’بیل باٹم‘ میں لارا دتا اندرا گاندھی کا کردار ادا کرینگی

August 05, 2021

ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک)بولی وڈ کے ’ایکشن کنگ‘ اکشے کمار کی فلم ’بیل باٹم‘ کا ٹریلر ریلیز ہو چکا ہے اور اس ٹریلر میں فلمی شائقین کو لارا دتا کی صورت میں ایک بڑا ’سرپرائز‘ ملا ہے جو اس فلم میں سابق وزیراعظم اندرا گاندھی کا کردار نبھا رہی ہیں۔ بھارتی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کے مطابق اس تھرلر فلم میں46 سالہ اداکارہ لارا دتا جو مس یونیورس رہ چکی ہیں، کی ٹرانسفارمیشن نے ان کے مداحوں کو حیران کر دیا ہے کیونکہ اس ٹریلر میں وہ بالکل بھی پہچانی نہیں جا رہیں۔ اس ٹریلر کے جاری ہونےکے بعد بھارت میں ٹوئٹر پر لارا دتا کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈز میں شامل رہا۔ اکشے کمار مرکزی کردار میں ہیں جو فلم میں ایک خفیہ ایجنٹ کا کردار ادا کرتے نظر آئیں گے۔ وانی کپور اکشے کی اہلیہ کا رول پلے کریں گی جبکہ اداکارہ ہما قریشی بھی نظر آئیں گی۔بھارت کی انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ فلم فیئر کے مطابق لارا دتا نے اپنے کردار کے حوالے سے بتایا ہے کہ ’مجھے کال پر بتایا گیا کہ لارا ہم ایک فلم بنانے جا رہے ہیں اور ہم آپ کو اندرا گاندھی کے کردار کے لیے سائن کرنا چاہ رہے ہیں۔ میں نے فلم کاا سکرپٹ پڑھے بغیر اس فلم کے لیے ہامی بھر لی۔ لیکن بالکل ایسا ہے کہ جب آپ کسی بڑی شخصیت کا کردار نبھا رہے ہوتے ہیں تو یہ ایک بڑی ذمہ داری ہوتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ ’اس فلم کے لیے بہت زیادہ ریسرچ اور ہوم ورک کیا گیا ہے،یہ میرے لیے ایک ایسا موقع ہے جو شاید دوبارہ نہ ملے۔‘