آر کیلی کا نابالغ لڑکیوں سے تعلقات کیلئے ملازمین کو استعمال کرنیکا انکشاف

August 05, 2021

لاس اینجلس (مانیٹرنگ ڈیسک)متعدد نابالغ اور کم عمر لڑکیوں سمیت خواتین کو جنسی تشدد کا نشانہ بنانے، ریپ اور انہیں جنسی لذت کے لیے ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے الزام میں قید امریکی گلوکار رابرٹ سلویسٹر کیلی (آر کیلی) طویل عرصے بعد عدالت میں پیش ہوگئے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق باضابطہ ٹرائل شروع ہونے سے قبل ہی ہونے والی سماعت میں آر کیلی طویل عرصے بعد نیویارک کی عدالت میں پیش ہوئے، جہاں نئے انکشافات کی گونج سنائی دی۔دوران سماعت استغاثہ نے بتایا کہ گلوکار اپنے ساتھ کم عمر لڑکیوں کے ساتھ جنسی تعلقات کی خواہشات پوری کرنے کے لیے اپنے ملازمین کی خدمات حاصل کرتے رہے۔استغاثہ کے مطابق آر کیلی اپنے سیکیورٹی گارڈز اور منیجرز سمیت دیگر ملازمین کو نابالغ اور کم عمر لڑکیوں کو جھانسہ دے کر پھنسانے کا کہتے اور بعد ازاں انہیں گلوکار جنسی تعلقات کے لیے استعمال کرتے۔سماعت کے دوران عدالت کو آگاہی دی گئی کہ گلوکار نے 1994میں گلوکارہ عالیہ سے شادی کے لیے جعلی دستاویزات حاصل کرنے کے لیے ریاست الینوائے کے ایک عہدیدار سے مدد طلب کی۔عدالت کو بتایا گیا کہ عالیہ سے جب گلوکار کی شادی ہوئی، اس وقت لڑکی کی عمر 15 سال تھی مگر دستاویزات میں ان کی عمر 18 سال کروائی گئی جب کہ شادی سے قبل ہی آر کیلی نے مذکورہ لڑکی سے جنسی تعلقات استوار کیے۔استغاثہ کا کہنا تھا آر کیلی نے عالیہ کے ساتھ 13 برس کی عمر میں جنسی تعلقات استوار کیے، اسی طرح انہوں نے اپنے ملازمین کے توسط سے متعلق نابالغ اور کم عمر لڑکیوں کو بھی جنسی خواہشات کے لیے پھنسایا۔دوران سماعت آر کیلی کے وکلا نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکل کافی عرصے سے جیل میں رہنے کی وجہ سے موٹاپے کا شکار ہوگئے ہیں، اس لیے انہیں نئے اور بڑے سائز کے کپڑے بھی فراہم کرنے کا حکم دیا جائے۔ساتھ ہی گلوکار کے وکلا نے عدالت میں انکشاف کیا کہ دو سال سے کوئی روزگار نہ ہونے کی وجہ سے آر کیلی غریب ہوگئے ہیں۔