سوئز کینال بلاک کرنے والا مال بردار بحری جہاز برطانیہ پہنچ گیا

August 05, 2021

لندن (پی اے) مصر میں کم وبیش ایک ہفتہ تک سوئز کینال بلاک کر کے عالمی جہاز رانی میں خلل ڈالنے والا ایور گیون نامی مال بردار بحری جہاز پہلی مرتبہ برطانیہ پہنچ گیا، جہاز Felixstowe کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا ہے، جہاز کو ہرجانے کے تنازعے کے سبب برطانیہ پہنچنے میں 3 ماہ سے زیادہ عرصے کی تاخیر ہوئی، 1,300 فٹ لمبے اس جہاز کو اپریل کے اوائل میں سفولک پہنچ کر Felixstowe کی بندرگاہ پر لنگر انداز ہونا تھا، یہ جہاز راٹرڈیم جارہا تھا جب 23 مارچ کو یہ کینال کی سنگل اسٹریچ کے ریتیلے ساحل پر پھنس گیا تھا، اسے وہاں سے نکالنے میں کم وبیش ایک ہفتہ لگا، جس سے جہاز رانی کی تاریخ کا سب سے بڑا ٹریفک جام ہوگیا تھا اور کینال کا راستہ صاف ہونے کے انتظار میں سیکڑوں جہاز پھنس گئے تھے جبکہ بہت سے جہازوں نے منزل پر پہنچنے کیلئے جنوبی افریقہ کا طویل ترین راستہ اختیار کیا تھا۔ ایشیا اور یورپ کے درمیان مال برداری کرنے والا یہ جہاز نکالنے جانے کے بعد جہاز کے مالک شوئی کیسن کائیشا اور کینال اتھارٹیز کے درمیان ہرجانے کے تنازعہ کی وجہ سے رکا رہا اور یہ تنازعہ طے ہوجانے کے بعد اسے رہائی ملی۔ جہاز کے پھنسے رہنے کی وجہ سے جہاز رانی کے کرائے میں بے تحاشہ اضافہ ہوا اور جو کرایہ گزشتہ سال 2,500 پونڈ تھا اب بڑھ کر 15,000 پونڈ پر پہنچ گیا۔ سی پورٹ فریٹ سروسز کے ڈائریکٹر اسٹیو پارکس کا کہنا ہے کہ زیادہ تر مال چین سے برطانیہ لایا گیا ہے اور آن لائن فروخت ہوچکا ہے۔ ایور گیون نامی اس جہاز میں موجود کم وبیش18,000کنٹینرز میں کم وبیش 775 ملین ڈالر مالیت کا سامان موجود ہے لیکن اس میں زیادہ تر پھل اور سبزیاں ہیں جو ضائع ہوچکی ہیں۔ جے ایس گلوبل کارگو اینڈ فریٹ ڈسپوزل کے مالک جیک سلن کا کہنا ہے کہ اس جہاز میں ان کے ادارے کے 20 سے 30 کنٹینرز ہیں۔انھوں نے کہا کہ ان کنٹینرز میں بہت سی اشیاء ہیں، جن کے استعمال کی مدت نکل چکی ہے اور انھیں ضائع کرنا پڑے گایا اس کا خریدار اسے لینے پر تیار نہ ہوا تو اسے فروخت کرنا پڑے گا جبکہ کھانے پینے کی اشیاء خراب ہوچکی ہیں،تاہم کمپنی ٹی وی سے لے کر ملبوسات تک مختلف اشیاء کاکاروبار کرتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں اصل صورت حال کا علم کنٹینر کھولنے کے بعد ہی ہوسکے گا۔ ایور گیون نامی یہ بحری جہاز اب یہاں سے جرمنی کی بندرگاہ ہمبرگ جائے گا۔