امریکی سینیٹرویکسین لگوانے کے باوجود کورونا کا شکار

August 05, 2021

واشنگٹن ( نیوز ڈیسک) امریکی سینیٹر لینڈسے گراہم کورونا ویکسین لگوانے کے بعد بھی وائرس کا شکار ہوگئے۔ خبر رساں اداروں کے مطابق سینیٹر گراہم کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ارکان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی او وہ کورونا ٹیسٹ کرانے پر مجبور ہوگئے۔ ریاست جنوبی کیرولائنا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر گراہم کے ساتھ سینیٹ میں ان کے چند ساتھیوں نے ایک محفل میںشرکت کی تھی۔ لنزی گراہم نے سینیٹر جو منوچن کے ساتھ ہاؤس بوٹ میں شام گزاری تھی، جہاں انہوں نے پہلی بار کورونا کی علامات محسوس کی تھیں۔ گراہم نے اپنے بیان میں بتایا کہ انہیں ہفتے کی شام نزلہ و زکام جیسی علامات محسوس ہوئیں،جس کے بعد ڈاکٹر کے پاس گئے اور ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ اپنے بیان میں گراہم نے کہا کہ وہ 10 روز کے لیے قرنطینہ میں جا رہے ہیں۔ ادھر سینیٹر منوچن کی ترجمان سیم رنیان نے بتایا کہ مغربی ورجینیا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر نے ویکسین کا کورس مکمل کر رکھا ہے اور وہ میل ملاپ رکھنے کے حوالے سے طبی ماہرین کی ہدایات پر عمل کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ بھی کرالیا ہے،جو منفی آیا ہے۔ تقریب میں ری پبلکن سینیٹر جون تھون اور ڈیموکریٹ سینیٹر جیکی روزن بھی شریک تھے۔