میانمار میں ایمرجنسی ختم، سویلین حکومت بحال کی جائے، یورپی یونین

August 05, 2021

برسلز( نمائندہ جنگ ) یورپین یونین نے میانمار میں جاری ایمرجنسی ختم کرنے اور ملک میںسویلین حکومت کی فوری بحالی کا مطالبہ کیا ہے۔ یورپین یونین نے یہ مطالبہ میانمار میں حکمران جنرل من آنگ ہیلنگ کی جانب سے جاری ایمرجنسی میں اگست 2023 تک اضافے کے اعلان کے بعد کیا ۔ یاد رہے کہ میانمار میں فوج نے 1 فروری 2021 کو اقتدار پر قبضہ کر کے جمہوری صدر اور آنگ سان سوچی کو بے دخل کر دیا تھا۔ اس حوالے سے یورپین یونین کی ترجمان نبیلہ مصرالی نے یونین کی جانب سے میانمار کے فوجی حکام سے مطالبہ کیا کہ وہ صدر ون منٹ ، سٹیٹ کونسلر آن سان سوچی اور اس قبضے کے دوران گرفتار افراد کو فوری طور پر اور بلا مشروط رہا کریں۔ ترجمان نے مزید کہا کہ یورپین یونین اچھی نیت سے میانمار میں سول اقتدار کی بحالی کیلئے فریقین کے درمیان مذاکرات کرانے کیلئے بھی تیار ہے۔