پاکستان کو بھنور سے نکالنے کا واحد راستہ آئین کی پاسداری ہے، جاوید لطیف

August 05, 2021


کراچی (ٹی وی رپورٹ )جیو کے مارننگ شو ’’جیو پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پاکستان کو بھنور سے نکالنے کا واحد راستہ آئین وقانون کی پاسداری ہے،سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ، کشمیر اور سیالکوٹ میں کامیابیوں کے بعد پی ٹی آئی ہواؤں میں اور اپوزیشن تتر بتر ہے ، پنجاب میں کورونا ویکسین کی صورتحال بتاتے ہوئے معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ 24 گھنٹے میں 5لاکھ 81ہزار ویکسین ڈوز لگائی گئی جو دنیا بھرمیں کہیں بھی ایک دن کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔جاوید لطیف نے کہا کہ تین سال میں پی ٹی آئی کی غیر سنجیدگی سب کے سامنے ہے ، سنجیدہ قانون سازی اور سنجیدگی سے اپوزیشن سے مشاورت کا فقدان رہا ، صرف الیکٹرانک ووٹنگ مشین پر بلایا جا رہا ہے،کیا سیالکوٹ اور کشمیر کا الیکشن ہم سب نے نہیں دیکھا ، رہنما مسلم لیگ ن جاوید لطیف نے کہا کہ جماعت کے ہر فرد کی اپنی رائے ہوتی ہے ، شہباز شریف بھی اپنی رائے رکھتے ہیں، لیکن جمہوریت میں اپنے ووٹرز کو قائل کرنے کے علاوہ کوئی مینجمنٹ نہیں ہو سکتی کرنی بھی نہیں چاہیے ،بہت ممکن ہے شہباز شریف نے کسی اور پیرائے میں گفتگو کی ہو ، جہاں تک سیاسی مفاہمت کی بات ہیں تو ہما راکسی سے کوئی جھگڑا نہیں اور اگر مفاہمت کا مطلب آئین اور قانون کی بالا دستی پر کمپرومائز کرنا ہے تو آج قوم سمجھتی ہے کہ پاکستان جس بھنور میں پھنس رہا ہے اس کا راستہ سوائے آئین اور قانون میں رہ کر ممکن نہیں ۔سینئر تجزیہ کار ارشاد بھٹی کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان ، کشمیر اور سیالکوٹ میں کامیابیوں کے بعد پی ٹی آئی ہواؤں میں ہے اور اپوزیشن تتر بتر ہے ، میں یہ بات وثوق سے کہہ سکتا ہوں کہ شہباز شریف پوری پارٹی کی رضا مندی کے ساتھ آفر دے رہے ہیں،گڈ کاپ اور بیڈ کاپ کا کھیل جاری ہے ، آفر اچھی ہے لیکن حکومت ہواؤں میں ہو کر اب اس کو قبول نہیں کرے گی ،شیخ رشید کے ن، م اور ش لیگ کی باتیں بے بنیاد ہیں ۔