لاہور ہائیکورٹ نے والٹن ایئرپورٹ کے ارد گرد اراضی کی نیلامی روک دی

August 05, 2021

لاہور (نمائندہ جنگ) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے نشاندہی کے بغیر والٹن ایئر پورٹ کے ارد گرد اراضی کی نیلامی روک دی .عدالت نے حکم دیا کہ متاثرہ شہریوں کی اراضی کی نشاندہی کے بغیر نیلامی نہ کی جائے.لاہور فلائنگ کلب کےوکیل ضیاءحیدر رضوی نے ،عدالت کے روبرو موقف اختیار کیا کہ حکومت نے ائیر پورٹ کی 130 ایکڑ اراضی کی فروخت کرنے کیلئے اخباری اشتہار دیا ہے، اشتہار کے مطابق آج نیلامی ہو رہی ہے جب کہ والٹن ائیر پورٹ پر کثیر المنزلہ عمارت بنانے کے منصوبے کیخلاف ہائیکورٹ میں رٹ زیرسماعت ہے۔ائیر پورٹ پر سو ایکڑ اراضی پنجاب حکومت جبکہ30 ایکڑ لاہور فلائنگ کلب نے سول ایوی ایشن کو دی۔والٹن ایئر پورٹ کی حیثیت تبدیل کرنے سے قبل درخواست گزاروں کو کوئی نوٹس نہیں دیا گیا۔