اسلام آباد، ہائیکورٹ حملہ کیس، وکلاء کو جواب جمع کرانے کیلئے مہلت میں مزید توسیع

August 05, 2021

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ہائیکورٹ حملہ کیس میں وکلاءکو جواب کیلئے دی گئی مہلت میں مزید توسیع کر دی ہے۔ بدھ کو احسن مجید گجر وغیرہ کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت کے دوران وکلاءکی جانب سے صدر اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن زاہد محمود راجہ عدالت میں پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ نصیر کیانی نے جو طریقہ استعمال کیا اسی پر وکلاءکی جانب جواب جمع کرایا گیا۔ جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے کہاکہ پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ، جائیں اور عدالتوں میں پریکٹس کریں ، نصیر کیانی ایڈووکیٹ نے جواب جمع کرانے کا جو طریقہ کار اپنایا اسی کا استعمال کریں ، میں یہ نہیں کہتا کہ آپ بالکل کاپی پیسٹ کریں مگر طریقہ کار وہی اپنائیں۔ بعد ازاں عدالت نے وکلاءکو جواب داخل کرانے کی مہلت میں توسیع کرتے ہوئے سماعت اکتوبر کے آخری ہفتے تک ملتوی کر دی۔