بھارت پاکستان کیخلاف دہشتگردوں کی سرپرستی کررہا ہے‘ وزیر خارجہ

August 05, 2021

اسلام آباد(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے سلامتی کونسل کے صدر اور سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو خط میں کہا ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف دہشت گردوں کی سرپرستی اور ان کی مالی معاونت میں ملوث ہے۔حال ہی میں لاہور میں بم دھماکہ اسی سلسلے کی کڑی ہے‘بھارت غیرقانونی اقدامات اور جبر واستبداد سے کشمیریوں کو دبانا اور ان کے استصواب رائے کے حق کو چھیننا چاہتا ہے،سلامتی کونسل بھارت کو پاکستان کے خلاف دہشت گردی اور تخریبی سرگرمیوں سے روکے اور کشمیریوں سے حق خودارادیت کے وعدے کو پورا کرے۔وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں یک طرفہ اور غیرقانونی بھارتی اقدامات کو دو سال مکمل ہونے پر ایک خط لکھا ہے۔وزیرخارجہ نے سلامتی کونسل کے صدر اور سیکرٹر ی جنرل اقوام متحدہ کو مقبوضہ جموں وکشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال سے آگاہ کیا اور کہا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے نوآبادیاتی غیرقانونی قبضے کو مستحکم بنانے اور اور مقبوضہ خطے کی جغرافیائی اور انتخابی حدود میں ردوبدل کے لئے بھارت نے 5 اگست 2019کے غیر قانونی اقدامات کئے۔بھارت کے 5 اگست 2019کے تمام اقدامات قانون کی نظر میں قطعی غلط اور کالعدم ہیں۔