پاک سرزمین پارٹی کبھی لسانی سیاست نہیں کرے گی، مصطفیٰ کمال

August 05, 2021

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ پی ایس پی کبھی لسانی سیاست نہیں کرے گی، 35سال قبل ایم کیو ایم بننے سے پہلے مہاجر قوم ذیادہ خوشحال تھی،لسانی سیاست کا فائدہ صرف پیپلز پارٹی کو ہوتا ہے، پیپلز پارٹی کے ظلم کا مقابلہ ایک قومی جماعت ہی کرسکتی ہے اور وہ پاک سر زمین پارٹی ہے۔ سندھیوں نے کبھی جئے سندھ کو ووٹ نہیں دیا بلکہ ہمیشہ پیپلز پارٹی ووٹ دیا۔ مہاجروں کی پیپلز پارٹی پی ایس پی ہے۔ مہاجر ایم کیو ایم کی صورت میں جئے سندھ بنا چکے، نتیجہ آپکے سامنے ہے۔ کراچی کے امن کی خاطر ہمیں اپنے 7 ساتھیوں کی شہادت قبول کرنی پڑی ہے۔ ہم نے انسانی جانوں کی قربانیاں اس لیے نہیں دیں تھیں کہ پاکستان کے معاشی حب کو راء کے چنگل سے آزاد کروا کر آصف زرداری کے قبضے میں دے دیا جائے،کچھ لوگ آج بھی مہاجروں کو ایک ہوکر لسانی سیاست کرنے کا مشورہ دے رہے ہیں۔ شرعی اور دنیاوی وجوہات کی بنا پر پی ایس پی کبھی لسانی سیاست نہیں کرے گی۔ 35 سال قبل ایم کیو ایم بننے سے پہلے مہاجر قوم ذیادہ خوشحال تھی۔ ایم کیو ایم بننے کے بعد مہاجروں کی صورتحال آپ سب کے سامنے ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے ظلم کا مقابلہ کوئی لسانی جماعت نہیں کرسکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ انچارج، مرکزی لیگل ایڈ، مرکزی ڈاکٹرز فورم، مرکزی میڈیکل ایڈ، مرکزی اسٹوڈنٹس فیڈریشن، مرکزی شعبہ خواتین، مرکزی علماء رابطہ کونسل، مرکزی سینئیر سیٹیزن کے ذمہ داران اور عہدے داران سے پاکستان ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔