منبر پر امن کی بات کرنی چاہئے، ہم آج بھی ایک ہیں، ضلعی امن کانفرنس

August 05, 2021

لاہور(خصوصی رپورٹر)ضلعی انتظامیہ لاہور کی جانب سےمقامی ہوٹل میں ضلعی امن کانفرنس ہوئی۔ جس میں محرم الحرام کے انتظامات کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ کانفرنس میں ڈی سی لاہور مدثر ریاض، ناصر خان، نمائندہ خصوصی وزیراعظم حافظ طاہرمحمود اشرفی، مولانا علی نقشبندی، عبد الغفار راشد، حفیظ الرحمٰن، عمران حنفی، رانا ناصر اللہ، توقیر، محمد زبیر، علی اصغر چشتی، جعفر شاہ، ایم ڈی واسا،مولانا اشرف گجر،سی سی پی او لاہور اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ مقررین نے کہا کہ لوگوں کو امن کے قیام کی ترغیب دی جائے، حافظ طاہر اشرفی نے کانفرنس سے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں منبر پر امن کی بات کرنی چاہئے، ہم آج بھی ایک ہیں اور کل بھی ایک تھے اور ہمیشہ ایک رہیں گے۔ جو لاقانونیت کا مظاہرہ کرے اسے چھوڑنا نہیں اور دوسروں کے مسلک کو چھیڑنا نہیں ،ڈی سی لاہور مدثر ریاض ملک نےاپنے خطاب میں کہا کہ اسلام سلم سے ہے یعنی امن و سلامتی صلح و آشتی اور تسلیم ورضا کا دین ہے اور اسلام میں سب برابر ہیں۔،لوگوں کو اس بات کی ترغیب دیں کہ امن قائم رہے اور آپس میں مل جل کر بیٹھیں اور تمام مسائل کا حل خود تلاش کریں۔ ناصر آغا خان نے کہا کہ نثار حویلی سے ہمیشہ امن کا پیغام دیا گیا ، عبدالغفار راشد نے کہا کہ ذمہ دارانہ ریاست کا کام ہے کہ اگر کہیں کوئی خلاف ورزی ہو رہی ہے تو نشاندہی کرے اور قانون ہاتھ میں نہ لے اور نہ فتوے لگائے بلکہ قانون کو اس کا کام کرنے دے۔ حفیظ الرحمٰن کا کہنا تھا کہ تدبیر اور طاقت کو ایک ساتھ امن پھیلانے کیلئے ہونا چاہیے پھر کوئی طاقت بد امنی نہیں پیدا کر سکتی۔ عمران حنفی ، توقیر حسین بابا نے کہا کہ ڈی سی لاہور، سی سی پی او، ڈی آئی جی آپریشنز کا شکریہ کرتے ہیں کہ جنہوں نے آج امن کانفرنس منعقد کر کے ہم سب کو اکٹھا کیا ایم ڈی واسا نے کہا کہ ہم جلوس کے روٹ پر پانی کے ٹینک مہیا کریں گے،ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کاکہنا تھا کہ محرم الحرام میں ہمیں آپ سب کے تعاون کی ضرورت ہے، کسی کو شہر کا امن خراب کرنے نہیں دیں گے۔ سی سی پی او لاہور نے کہا کہ ہم نے ملکر اتحاد و امن کو قائم کرنا ہے۔ تمام افسران کی میٹنگ کے بعد جلوس کے روٹس کی ڈیوٹیاں لگا دی جائیں گی اور تمام علماء کا ہمارے ساتھ ہونا باعث مسرت ہے۔