110 سے زائد دکانوں و کیبنوں کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا

August 05, 2021

پشاور ( وقائع نگار )ضلعی انتظامیہ پشاور نے ٹاؤن تھری انتظامیہ کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے باڑہ روڈ پر110 سے زائد دکانوں و کیبنوں کی غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کر دیا۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر (متنی)ڈاکٹر عادل ایوب نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر اعزاز احمد اور ٹاؤن تھری انتظامیہ کے ہمراہ باڑہ روڈ پر بٹہ تل کے علاقے میں قائم تجاوزات کے خلاف آپریشن کا آغاز کیا۔ اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔ آپریشن کے دوران بٹہ تل نہر اور باڑہ روڈ پر 110 سے زائدغیر قانونی تعمیرات / تجاوزات/ کیبنوں / دکانوں کا بھاری مشینری کے ذریعے خاتمہ کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاورکیپٹن (ر) خالد محمود کے مطابق باڑہ روڈ پر بٹہ تل کے علاقے میں تجاوزات مافیا کو بار بار نوٹس دیے گئے تھے کہ وہ اپنی تجاوزات کو بذات خود ہٹا دیں لیکن ان پر کوئی اثر نہیں ہو رہا تھا جس پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے تجاوزات کا خاتمہ کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور کے مطابق پشاور کے تمام علاقوں میں غیر قانونی تجاوزات کے خلاف بلا امتیاز آپریشن جاری رہے گا۔