دو گوداموں سے 12000 لٹر جعلی مشروبات برآمد،2 دکا نیں سیل

August 05, 2021

پشاور ( نمائندگان جنگ )خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی نے دیر لوئر کے علاقے تالاش بازار میں کارروائی کرتے ہوئے دو گوداموں سے 12000 لٹر جعلی مشروبات برآمد کرلئے ہیں، جعلی مشروبات کے کاروبار میں ملوث ہونے پر دونوں گوداموں کو سیل کر دیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبر پختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کے مطابق وزیر خوراک خیبرپختونخوا عاطف خان کی ہدایت پر صوبے کے مختلف علاقوں میں کاروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی مشروبات کے کاروبار میں ملوث مالکان پر بھاری جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ جعلی مشروبات کو دیر لوئر کے مختلف علاقوں کو سپلائی کیا جاتا تھا، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق ڈی آئی خان میں زائد المعیاد گھی فروخت کرنے پر ایک ڈسٹری بیوشن سنٹر سیل کردیا گیا، جبکہ لکی مروت میں حفظان صحت کی ناقص صورتحال پر بیکری یونٹ سیل کردی گئی، فوڈ سیفٹی اتھارٹی کے مطابق جعلی مشروبات برآمد ہونے پر کوہاٹ میں بھی ایک جنرل اسٹور سیل کردیا گیا۔