خصوصی حیثیت کے خاتمے کے2سال مکمل، مقبوضہ کشمیرمیں آج یوم سیاہ

August 05, 2021

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے2 سال مکمل ہونے پر مقبوضہ کشمیر میں آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال ہے، ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس، دیگرتنظیموں نےکی ہے، سرینگرمیں لال چوک تک مارچ روکنےکیلئے بھارتی فوج تعینات ہے۔

سرینگر کےداخلی خارجی راستے رکاوٹیں لگا کر بند کردیے گئے ،تاجروں کو ہڑتال کرنے پر بھارتی پولیس نے سنگین نتائج کی دھمکی دی ہے۔

مقبوضہ کشمیر کے سینئر حریت پسند رہنما سیّد علی گیلانی کا کہنا ہے کہ تاجروں کو ہڑتال سے باز رکھنے کیلئے دھمکی بھارتی پولیس کا نیا ہتھکنڈا ہے۔

حریت کانفرنس کا کہنا ہے کہ مقبوضہ وادی میں 5 اگست سے 15 اگست تک عشرہ مزاحمت منایاجائےگا، 11 اگست کوشیخ عبدالعزیز اور دیگر شہدا کے یوم شہادت پرخراج عقیدت پیش کریں گے، پاکستان کے یوم آزادی پر ملک کی ترقی، خوشحالی کے لئےدعائیہ محافل کی جائیں گی۔

15 اگست کو بھارت کا یوم آزادی یوم سیاہ کے طور پر منایاجائے گا۔

یاد رہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019 کومقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کا قانون آرٹیکل 370 اور ریاستی درجہ ختم کر دیا تھا۔