پاکستانی اداکاروں کی ارشد ندیم کو مبارکباد

August 05, 2021

پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکاروں اور گلوکاروں نے اولمپکس میں جیویلن تھرو ایونٹ کے فائنل میں کوالیفائی کرنے والے ارشد ندیم کو مبارکباد دی ہے۔

اداکارہ حرا مانی نے فوٹو اینڈ ویڈیو ایپ انسٹاگرام پر ارشد ندیم کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے پاکستانی اولیمپئن کے فائنل میں کوالیفائی کرنے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔


دوسری جانب حرا مانی کے شوہر، ادکار سلمان ثاقب شیخ عرف مانی نے بھی اپنے انسٹا اکاؤنٹ پر پاکستانی اولیمپئن کے فائنل میں کوالیفائی کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’صرف الفاظ انصاف نہیں کریں گے، عزت دیں۔‘


انہوں نے مزید لکھا کہ ’29سال کے بعد ایک امید جاگی ہے۔‘

گلوکار علی ظفر نے بھی مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر جیویلن تھرو ایونٹ کےنتائج کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے ارشد ندیم کے فائنل میں کوالیفائی کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’ہماری سپورٹ ارشد ندیم کے ساتھ ہے۔‘

گلوکار عاصم اظہر نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ پر ارشد ندیم کو ان کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے لکھا کہ ’ فائنل تک پہنچنا بہت بڑی کامیابی ہےاور انشاءاللّٰہ آپ فائنل میں بھی کمال کریں گے۔‘

خیال رہے کہ ارشد ندیم نے اولمپکس میں جیویلن تھرو کے ایونٹ میں فائنل کے لیے کوالیفائی کیا ہے جہاں ان کا مقابلہ دنیا کے سرِ فہرست تھروورز سے ہوگا۔

جہاں ایک جانب پوری قوم کی جانب سے ارشد ندیم کے لیے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے وہیں قومی کرکٹرز اور پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات نے بھی انہیں مبارکباد دی اور اُن کے لیے حوصلہ افزائی کے پیغامات دیئے ہیں۔