ٹک ٹاک نے بھی ’اسٹوری‘ کا فیچر متعارف کروادیا

August 05, 2021

دنیا بھر میں مقبول مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک نے بھی دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی طرح فی الحال محدود پیمانے پر ’اسٹوری‘ کا فیچر متعارف کروادیا۔

اسٹوری کا فیچر پہلے انسٹاگرام، فیس بُک ، اسنیپ چیٹ اور واٹس ایپ پر بھی میسر ہے، کچھ عرصہ ایسا ہی فیچر ٹوئٹر نے بھی متعارف کروایا تھا جسے اب ختم کردیا گیا ہے۔

ٹک ٹاک کے نئے فیچر کے حوالے سے سوشل میڈیا کنسلٹنٹ میٹ نوارا نے ٹوئٹر پر اعلان کیا اور بتایا کہ یہ ابھی محدود پیمانے پر شروع کیا گیا ہے۔

ٹک ٹاک اسٹوری پر شیئر کیا جانے والا مواد 24 گھنٹے میں خود ہی غائب ہوجاتا ہے۔

اس سے قبل چین کی مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ٹک ٹاک کے خالقین نے ویڈیو کا دورانیہ تین گنا بڑھا کر اسے تین منٹ کردیا تھا۔

دورانیہ بڑھانے سے قبل ٹک ٹک پر 60 سیکنڈ یعنی ایک منٹ سے زائد کی ویڈیو اپ لوڈ نہیں کی جاسکتی تھی۔

ویڈیو کا دورانیہ بڑھانا ویڈیو سے رقم کمانے یعنی مونیٹائزیشن کی جانب ایک قدم تھا۔