ویکسین نہ لگوانے والوں کو زندگی سے بےدخل کررہی ہوں، امریکی اداکارہ

August 05, 2021

امریکی اداکارہ جینیفر اینسٹن نے کورونا سے تحفظ فراہم کرنے والی ویکسین نہ لگوانے والوں کو زندگی سے بےدخل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

حالیہ انٹرویو میں انہوں نے ویکسین نہ لگوانے والوں پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ ایک سال سے زائد کا عرصہ بیت گیا اور لوگوں کو کچھ سمجھ ہی نہیں آرہی۔

مئی میں اداکارہ نے ویکسین کی دونوں ڈوزز لگوا لی تھیں اور اپنے چاہنے والوں کو بھی ویکسین لگوانے کا پیغام دیا تھا۔

حالیہ انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کو زندگی سے بےدخل کررہی ہیں جو ویکسین نہیں لگوارہے اور اس سے متعلق مختلف پروپگینڈوں کا شکار ہیں۔

اداکارہ نے کہا کہ وہ گزشتہ کچھ عرصے سے ان تمام لوگوں سے لاتعلقی اختیار کرچکی ہیں جنہوں نے ویکسین لگوانے سے انکار کیا ہے اور ان سے بھی جو اس متعلق اظہارِ خیال نہیں کررہے۔