فنِ تعمیرات کا شاہکار چند بلند و بالا عمارتیں

August 14, 2021

تعمیرات ایک زبردست فن ہے، جس نے دنیا کو متعدد خوبصورت اور دیدہ زیب عمارتوں سے نوازا ہے۔ ان عمارتوں کو تعمیر کرتے ہوئے انسان نے اپنی عقل و دانش اور علم و حکمت کا استعمال کیا ہے۔ یوں تو دنیا میں کئی ایک حیرت انگیز عمارات موجود ہیں اور دیکھا جائے تو ان میں سے ہر ایک عمارت کسی نہ کسی لحاظ سے ایک زبردست تعمیراتی نمونہ پیش کرتی ہے مگر کچھ عمارتیں ایسی ہوتی ہیں جو انسانی علم و حکمت کا شاہکار سمجھی جاتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ پوری دنیا سے لوگ ان عمارتوں کو دیکھنے کے لیے خصوصی طور پر سفر کرتے ہیں اور جن ممالک میں یہ عمارتیں موجود ہیں وہ سیاحت سے خطیر زرمبادلہ کماتے ہیں۔

اوایشیا ہوٹل ڈاؤن ٹاؤن، سنگاپور

سنگار پور اپنی شاندار اور بلند و بالا عمارتوں کے حوالے سے ایک خاص پہچان رکھتا ہے۔ اس کے انتہائی گنجان کاروباری علاقے کو اس شہری ریاست کا دل قرار دیا جاتا ہے۔ اسی علاقے میں سبز مائل اوایشیا ہوٹل کی عمارت واقع ہے۔ اس کا تعمیراتی ڈیزائن ڈبلیو او ایچ اے (WOHA) کمپنی کا تیار کردہ ہے۔ اس کے ڈیزائن کو چرند پرند کی جنت سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ انٹرنیشنل ہائی رائز ایوارڈ کی جیوری نے اوایشیا ہوٹل کو شاندار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عمارت قدرتی نخلستانی روش کو آشکار کرتی ہے۔

ٹورے ریفارما، میکسیکو سٹی

میکسیکو سٹی میں واقع یہ 246 میٹر بلند و بالا عمارت ایک آفس بلڈنگ ہے۔ اس عمارت کا ڈیزائن ایل بینمن رومانو کا تخلیق کردہ ہے۔ عمارت کی تعمیر میں زلزلے کے دوران محفوط رہنے کی صلاحیت کو اہمیت دی گئی ہے۔ یہ اونچی عمارت میکسیکو سٹی کے زلزلے والے حصے میں تعمیر کی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ اس میں زلزلہ سے محفوظ رہنے کی ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا ہے۔ اس عمارت کا حسن یہ ہے کہ یہ اپنے بڑے حجم کے مقابلے میں وزن کم رکھتی ہے۔

مہا نکھن، بنکاک

مہانکھن، تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں واقع ایک خوبصورت اور سب سے بلند و بالا عمارت ہے۔ اس عمارت کے ایک حصے کو جرمن ماہر تعمیرات اولے شیئرین کی فرم نے تیار کیا ہے۔ اس عمارت کی کُل 79منزلیں ہیں اور یہ تھائی لینڈ کی سب سے بلند عمارت ہے۔ اس کا سامنے والا حصہ غیرمعمولی قرار دیا گیا ہے۔ اس عمارت کو بنکاک کا ایک جوہر بھی کہا جاتا ہے۔

چاؤیانگ پارک پلازہ، بیجنگ

چینی دارالحکومت بیجنگ کی یہ عمارت بھی حسین و جمیل عمارتوں میں شمار کی جاتی ہے۔ بیجنگ کی تعمیراتی کمپنی نے چیاؤ یانگ پارک پلازہ کو روایتی چینی لینڈ اسکیپ میں سمونے کی کوشش کی ہے۔ یہ عمارت بیجنگ کے کاروباری ڈسٹرکٹ میں واقع ہے۔ اس عمارت کے منفرد طرز تعمیر میں ثقافتی شناخت کے پہلو کو بھی اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔