مکان کیسے ڈیزائن کیا جائے؟

August 14, 2021

ذاتی مکان بنانے کا خواب ہر کوئی دیکھتا ہے لیکن کم لوگ ہی اس کی تعبیر پاتے ہیں۔ اگر آپ کا شمار ایسے افراد میں ہوتا ہے جو مکان کی تعمیر کا حتمی فیصلہ کرچکے ہیں تو پھر اس کی ڈیزائننگ کے بارے میں سوچیں۔ ویسے تو ہر کسی کے ذہن میںگھر کی تعمیر کے حوالے سے ایک خاکہ ہوتا ہے لیکن بہتر ہوتا ہے کہ آپ کسی ماہر آرکیٹیکٹ کی خدمات حاصل کرکے اپنی ضروریات کے مطابق اس سے مکان کا ڈیزائن بنوائیں۔ تاہم، کسی بھی وجہ سے اگر آپ اپنا مکان خود ڈیزائن کرنا چاہتے ہیں تو آج کے مضمون میںاس حوالے سے کچھ مشورے دیے جارہے ہیں تاکہ آپ اپنے خوابوں کے گھر کو حقیقت کا روپ دے سکیں۔

آپ کو کیا پسند ہے؟

مکان کا بنیادی ڈیزائن تیار کرنے سے پہلے اس بات پر غور کریں کہ آپ کس قسم کے گھر میں رہنا چاہتے ہیں۔ ڈیزائننگ کے پہلے مراحل تعمیراتی عمل کے بارے میں نہیں بلکہ اپنی خواہشات کے متعلق سوچیں۔ آپ کے ذہن میں پہلے سے ہی کچھ تصورات موجود ہوں گے جن پر صرف تھوڑا سا کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تجزیہ کریں کہ آپ کون سے گھر پسند کرتے ہیں۔ اس حوالے سے آرکیٹیکچرل میگزین یا انٹرنیٹ پر مختلف ویب سائٹس دیکھیں۔

اس سے آپ کو موجودہ رحجانات کا جائزہ لینے میں مدد ملتی ہے۔ چونکہ ذوق اور رجحانات مستقل طور پر تبدیل ہوتے رہتے ہیں ، لہٰذا بہت سارے اسلوب جو کچھ عرصہ سے فرسودہ سمجھے جاتے تھے آہستہ آہستہ واپس آ رہے ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں چکر لگاکر دیکھیں کہ وہاں کیسے مکانات تعمیر کیے گئے ہیں۔ آپ کو ان مکانات کی تعمیر میں جو چیز پسند آئے اس کو نوٹ کرلیں۔

خیالات کو منظم کرنا

آپ کو مکان کی تعمیر کے لیے ایک حقیقت پسندانہ بجٹ بنانے کی ضرورت ہے۔ مکان کی ڈیزائننگ کرتے وقت بجٹ کا معلوم ہونا ضروری ہے کیونکہ اسی حساب سے ڈیزائننگ کی جاتی ہے۔ اس حوالے سے اگر آپ کسی آرکیٹیکٹ یا ٹھیکیدار سے مشورہ کرلیں تو زیادہ بہتر ہوگا، کیونکہ وہ آپ کے بجٹ کا جائزہ لے کر مکان کی تعمیر کے متعلق بہتر اندازہ فراہم کرسکتا ہے۔ اس طرح آپ لاگت کا ابتدائی حساب کتاب بھی کرسکتے ہیں اور اپنے منصوبے کے بارے میں تمام اہم تفصیلات کا جائزہ لے سکتے ہیں۔

ضروریات کو مدنظر رکھنا

مکان کی ڈیزائننگ کرتے وقت اپنی انفرادی ضروریات کو مدنظر رکھیں۔ آپ کو پہلے اس بات کا تعین کرنا چاہیے کہ آپ کو کس چیز کی زیادہ ضرورت ہے۔ اس مرحلے پر آپ نے یہ بھی طے کرنا ہوگا کہ آپ کو کتنی رہائشی جگہ چاہیے اور کتنا حصہ آپ اوپن چھوڑنا چاہتے ہیں۔ اس کا تعین کرنے کے لیے آپ کو اس بات پر غور کرنا ہوگا کہ گھر میں کس عمر کے کتنے لوگ ہیں اور ان کا ایک دوسرے سے کس طرح کا تعلق ہے۔

اگر آپ کے گھر میں بچے ہیں تو ان کے علیحدہ کمرے کے ساتھ کھیلنے کی جگہ بھی رکھنی چاہیے۔ بیڈروم اور گھر کے دیگر کمروں کے لیے جگہ مختص کریںتاکہ آپ کو پتہ ہو کہ کون سے کمرے تعمیر کیے جانے ضروری ہیں۔ اسی طرح باورچی خانے کے وسط میں کام کرنے کے لیے وسیع جگہ فراہم کرنا اور باتھ روم کو بھی کشادہ تعمیر کرنا اولین ترجیح ہونی چاہیے۔ آپ کو ایک فہرست ترتیب دینی ہوگی جس میں آپ اپنے عملی نظریات کو ترتیب دینا شروع کر سکتے ہیں کہ کیا عملی ہے اور کیا یہ آپ کے بجٹ میں ہے وغیرہ۔

سب سے پہلے بنیادی جگہوں کا تعین کریں۔ اگر آپ کو گراؤنڈ فلور پر دو بیڈروم کی ضرورت ہے تو پہلے ان کمروں کو ڈیزائن کریں۔ درمیان میںلاؤنج کے لیے کچھ جگہ چھوڑ دیں اور اس کے آس پاس خالی جگہوں کو کچن، ڈائننگ روم، اسٹڈی روم اور دیگر اہم کمرے ڈیزائن کریں۔ آپ کو ایک وقت میں ایک منزل کا کام کرنا چاہیے۔ جب آپ گراؤنڈ فلور کی ڈیزائننگ مکمل کرلیں تو پھر بالائی منزل کی منصوبہ بندی شروع کریں۔ اپنی فیملی کی ضروریات اور آرام کو ذہن میں رکھیں۔

سوفٹ ویئر کا استعمال

کسی بھی معیاری 3D سافٹ ویئر کی مدد سے نقشہ سازی کا عمل مکمل کریں۔کئی سوفٹ ویئر پروگرام ایسے ہیں جو آپ کو اپنے خیالات کو ڈرائنگز کی صورت میں حقیقت کا روپ دینا آسان بناتے ہیں۔ ان میں فراہم کیے گئے ٹولز کا استعمال کرتے ہوئے آپ اپنے ڈیزائن کو ڈیجیٹل طور پر اپنی مرضی کے مطابق تیار کرسکتے ہیں۔ تاہم، اس کام کے لیے آپ کو وقت نکالنا ہوگا تاکہ بہترین ڈیزائن تیار ہوسکے۔ ایک بات یاد رکھیں کہ ڈیزائننگ کے مرحلے کے دوران آپ جو غلطیاں کرتے ہیں اس سے کوئی نقصان نہیں ہوتا لیکن یہی غلطیاں اگر دوران تعمیر کی جائیں تو اس سے مالی نقصان ہوسکتا ہے۔

مکان کیلئے جگہ

مکان کی تعمیر کے لیے ایک مناسب جگہ پر پلاٹ ہونا ضروری ہے۔ اگرچہ آپ کا بنیادی کام اپنی رہائش کے لیے ایک بنیادی تصور تیار کرنا ہے ، لیکن یہ بھی ضروری ہے کہ آپ اس علاقے کے بارے میں بھی معلومات اکٹھی کریں جہاں آپ مکان تعمیر کرنا چاہتے ہیں۔ اس بات کو بھی ذہن میںرکھیں کہ پہاڑی، ناہموار جگہ ، پتھریلی یا جنگلاتی زمین پر مکان تعمیر کرنا زیادہ مشکل، وقت طلب اور زائد بجٹ کا متقاضی ہوتا ہے۔

مقامی بلڈنگ کوڈز

کسی ماہر معمار کی خدمات حاصل کریں اور اپنا ڈیزائن اس کو دکھائیں تاکہ وہ مکان کے ساختی استحکام ، مقامی بلڈنگ کوڈز اور دیگر ضوابط و عملی پہلو کا جائزہ لے سکےکیونکہ ممکن ہے کہ ان کے بارے میں آپ کی معلومات نہ ہوں۔ ایک تجربہ کار معمار آپ کو ایک قابل ٹھیکیدار کے بارے میں بھی معلومات فراہم کرسکتا ہے۔

ٹھیکیدار کے ساتھ اپنے ڈیزائن کو دوبارہ دیکھیں۔ تعمیراتی مرحلے کے دوران، آپ کو کام کے معیار کو باقاعدگی سے جانچنا چاہیے۔ اس کے لیے آپ کسی ماہر سے بھی مشورہ لے سکتے ہیں۔ آپ کو ذہنی طور پر اس بات کے لیے بھی تیار رہنا چاہیے کہ آخری لمحات میں کچھ چیزوں کے ڈیزائن کو بھی تبدیل کرنا پڑسکتا ہے۔ تاہم، آپ کو متعدد بار اپنے ڈیزائن پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔