رسجا کے تحت اسلام آباد میں انٹرمیڈیا کرکٹ میلہ توجہ کا مرکز بن گیا

August 31, 2021

دنیا کے کسی بھی معاشرے میں کھیلوں کے فروغ اور لوگوں میں کھیلوں کی دلچسپی پیدا کرنے میں میڈیا کا کردار اہم ہوتاہے جو اپنی خبروں ،ویڈیوز اور تصاویر کے ذریعے کھیلوں کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہیں لیکن ان کھیلوں کی کوریج کرنیوالے صحافیوں کو خود کھیلنے کا شادر و نادر موقع ہی ملتا ہے۔ ملک کے 74ویں یوم آزادی کی مناسبت سے راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن "رسجا" نے انٹر میڈیا آزادی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا اسلام آباد میںانعقاد کیا جس میں نہ صرف صحافیوں بلکہ ارکان پارلیمنٹ نے بھی حصہ لیا۔

پارک ویو سٹی اور نیس گیس کے تعاون سے منعقدہ ایونٹ میں ملک کے نامور ٹی وی چینلز کی ٹیموں نے حصہ لیا تووہاں پارلیمنٹرینز کا کرکٹ ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی پارلیمنٹرینز کی ٹیم کیساتھ ساتھ ٹورنامنٹ کی میزبان راولپنڈی اسلام آباد ا سپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن "رسجا" کی ٹیم بھی ایکشن میں نظر آئی ۔ پارلیمنٹرینز الیون کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے صاحبزادےاور وفاقی پارلیمانی سیکرٹری خزانہ زین قریشی نے کی جن کیساتھ وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور، وزیر اعظم کے معاون خصوصی علی نوازاعوان،وزیر اعظم کے قریبی ساتھی زلفی بخاری، رکن قومی اسمبلی نور عالم، عمران خٹک، مخدوم مرتضی، احمد کنڈی سمیت دیگر ارکان پارلیمنٹ نے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاے۔

رسجا انٹر میڈیا آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کی ،وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد حسین اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے ۔ رنگارنگ ٹورنامنٹ کی مختلف تقاریب میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مرزا محمد آفریدی، وفاقی وزیر مذہبی امور نور الحق قادری، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات سمیت دیگر شخصیات نےشرکت کی۔

ٹورنامنٹ کے فیصلہ کن معرکہ میں ہم ٹی وی نے جیو ٹی وی کو کو 9وکٹوں سے شکست دیکر ٹورنامنٹ کا چیمپئن ہونیکا اعزاز حاصل کیا۔فاتح ہم ٹی وی کو پانچ لاکھ ، رنرز اپ جیو ٹی وی کی ٹیم کو اڑھائی لاکھ روپے کی انعامی رقم ملی۔ سمیر بٹ ٹورنامنٹ کے بہترین بیٹسمین، افضل جاوید بہترین بولر قرار پاے۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے انعامات تقسیم کئے اور ایسی سر گرمیوں کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔