بیلاروس: جمہوریت کیلئے کام کرنے والوں کو سزائیں، یورپی یونین کی مذمت

September 06, 2021

یورپی یونین نے بیلاروس میں جمہوریت اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والے کارکنوں کو سزائیں دینے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یورپی یونین بیلا روسی حکام کے وحشیانہ جبر کے لیے جوابدہی کو فروغ دینے کی کوشش جاری رکھے گا۔

یورپی یونین کی جانب سے اس کے ترجمان نے یہ بیان بیلاروس میں سیاسی قیدیوں ماریا کالیسنیکاوا، تسخانو سکایا، مس سیپکالو اور ایک معروف وکیل ماکسم زناک کو حکومت کی جانب سے مختلف الزامات پر سزا سنائے جانے پر دیا۔

یورپی یونین کے مطابق ان افراد کو 'غیر آئینی طریقے سے ریاستی اقتدار پر قبضہ کرنے کی سازش' کے ذریعے بیلاروس کی سلامتی کو نقصان پہنچانے کے لیے اقدامات کرنے کے بے بنیاد الزامات کے تحت سزا سنائی گئی ہے۔

ان پر مزید الزام ہے کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے ان افراد نے میڈیا اور انٹرنیٹ کو ایک انتہا پسند گروپ بنا کر استعمال کیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ یونین بیلاروس کی حکومت کی جانب سے وہاں کے عوام کے انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کی مسلسل بے عزتی کرنے کی مذمت کرتی ہے اور تمام سیاسی قیدیوں کی فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔