مہنگائی کے ستائے عوام کی حکمرانوں کو فکر نہیں‘ انجینئر عثمان

September 14, 2021

کوئٹہ(پ ر)جمعیت علماء اسلام کے رہنما و سابق رکن قومی اسمبلی انجینئر حاجی عثمان بادینی نے کہا ہے کہ حکومت کو عوام کی فکر نہیں، دو وقت کی روٹی بھی ان سے چھین لی گئی۔ پاک ایران بارڈر کی بندش سے ہزاروں خاندان نان شبینہ کے محتاج ہوگئے۔ رخشان ڈویژن میں بیروزگاری عروج پر پہنچ گئی جبکہ حکمران سب ٹھیک ہے تک محدود ہیں۔ مختلف وفود سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ پاک ایران بارڈر کی بندش کی وجہ سے ہزاروں افراد کا کاروبارتباہ ہوگیا اورعوام نان شبینہ کے محتاج بنا دیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ایران سے مقامی سطح پر پٹرول کی تجارت کرکے یہاں کے عوام اپنا اور اپنے خاندان کا گزر بسر کررہے تھے مگر افسوس بارڈر کی بندش سے ہزاروں خاندان دو وقت کی روٹی کو ترس گئے۔ بیروزگاری کے ستائے عوام حکومت کی جانب دیکھ رہے ہیں مگر افسوس حکمرانوں کو عوام کی کوئی فکر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ناکام حکومتی پالیسیوں نے ملک کو پہلے ہی دیوالیہ بنا دیا۔ بڑھتی مہنگائی کی وجہ سے ہر چیز عوام کی دسترس سے دور کردی گئی تو دوسری جانب بلوچستان جہاں روزگار کے مواقع نہ ہونے کے برابر ہیں۔ رخشان ڈویژن کے اکثریت عوام کا گزر بسر ایران سے مقامی سطح پر تجارت سے وابستہ تھا جسے بارڈر کی بندش نے ختم کردیا ۔ روزگار کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے عوام خودکشیوں پر مجبور ہیں۔ انہوں نے بارڈر بندش کیخلاف آل پارٹیز اور انجمن تاجران کے احتجاج کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔