کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں شہریوں نے بھرپور ساتھ دیا، مرتضیٰ وہاب

September 15, 2021

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی، ترجمان حکومت سندھ و مشیر قانون بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بورڈز کے انتخابات میں شہریوں نے ہمارا بھرپور ساتھ دیا اور پیپلز پارٹی نے ان انتخابات میں تاریخی فتح حاصل کی ہے، یہ بات انہوں نے ملاقات کے لئے آنے والے منوڑہ کنٹونمنٹ بورڈز کے الیکشن میں منتخب نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ منوڑہ سے پیپلز پارٹی کی جیت ہم سب کی جیت ہے، ہم تمام برادریوں کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے ہمارا ساتھ دیا اور ان کارکنان کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے مسلسل محنت کی اور تاریخ میں پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کے نامزد امیدواروں کو کامیاب کرایا، دریں اثنا کے ایم سی بلڈنگ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ بارش کی صورت میں تمام اضلاع کی انتظامیہ اور بلدیاتی ادارے اپنے افسران اور عملے کے ساتھ سڑکوں پر ہونے چاہئیں، ٹریفک پولیس اور سٹی وارڈنز بارش کے دوران انتہائی مستعدی کے ساتھ کام کریں اور ٹریفک کو بحال رکھیں،ایڈمنسٹریٹر کراچی کی صدارت میں ہونے والے علیحدہ علیحدہ اجلاس میں کراچی کے ساتوں اضلاع میں ترقیاتی کاموں کے علاوہ کراچی میں بارش کے نئے اسپیل سے پیدا ہونے والی متوقع صورتحال پر انتظامی امور کا جائزہ لیا گیا۔