منفی طرز عمل نے عوام کو جمہوریت سے متنفر کردیا‘ صادق عمرانی

September 15, 2021

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے کہا ہے کہ مسترد شدہ افراد کا مسلط کیا جانا، وسائل و اختیارات کی بندربانٹ، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور ہٹ دھرمی جیسی طرز سیاست نے جہاں اداروں کو شکستہ حالی سے ددوچار کررکھا ہے وہیں قوم کے جمہوریت پر اعتماد کو بھی متاثر کررکھا ہے حالیہ ضمنی و کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات میں عوام کی عدم دلچسپی نے ثابت کردیا کہ وہ اس منفی طرزعمل کی بڑھوتی اور مسلط کردہ فیصلوں سے اس قدر متنفر ہوچکے ہیں کہ وہ جمود زدہ جمہوریت کو کسی طور قبول کرنے کو تیار نہیں۔ کیونکہ ان کی سیاسی آزادی سلب کردی گئی ہے۔ معاشی قتل عام اپنی جگہ مگر اب تو بات بہت آگے نکل گئی ہے۔ نااہلی اور اناڑی پن کی انتہا ہوچکی ہے کہ صرف 90روز کے اندر صرف ایل این جی کی مد میں قومی خزانے کو کھربوں روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔ ھالیہ لاحاصل تجربے نے گزشتہ تین برس کے دوران ملک کو کھربوں روپے کا ناقابل تلافی نقصان سے دچار کردیا گیا انہوں نے کہا کہ حق تلفی کے جاری سلسلے کا تسلسل برقرار رکھنے کے لئے ٹھپہ مافیا کا بہترین اور قابل عمل طریقہ واردات تلاش کرلیا گیا ہے جسے ووٹنگ مشین کے نام سے منسوب کردیا گیا ہے ۔ جی حضوریی میں کمال فن رکھنے والوں کو مزید قوم پر مسلط رکھنے کے لئے الیکشن کمیشن تک سے مسترد شدہ اس ووٹنگ مشین کو دیگر عوام دشمن فیصلوں کی طرح قوم پر مسلط کیا جارہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سلطنت عمرانیہ کی بنیاد کی پہلی اینٹ ہی جھوٹ پر رکھی گئی ہے اب تک بولے گئے تمام جھوٹوں نے تبدیلی سرکار کے محل کو ہوا میں کھڑا کردیا مگر اس حقیقت سے بے خبری ہی اس عمل کو ہوا کردے گی۔ انہوں نے کہا کہ تبدیلی سرکار کی جانب سے اپنائی گئی روش اب تک ناقابل تلافی نقصان کا سبب بنی ہے قوم کو مزید سے بچایا جاسکتا ہے جس کے لئے ملک کی حقیقی سیاسی قیادت کو سامنے لانا وقت اور قومی ضرورت بن چکا ہے۔