محاصل بڑھانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں، مشیر ایکسائز

September 15, 2021

پشاور ( جنگ نیوز )صوبے کے محاصل بڑھانے کیلئے حکومت تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اہداف حاصل نہ کرنے والے افسران سے سختی سے بازپرس ہوگی۔ تمام تعیناتیاں اور تبادلے میرٹ اور کارکردگی کی بنیاد پر کئے جائیں گے ۔ محکمہ کو درست سمت پر گامزن کرکے صوبے کے محاصل میں خاطر خواہ اضافہ ممکن ہے۔ محکمہ اور اضلاع کی کارکردگی کی جانچ ماہانہ بنیادوں پر کی جائیگی۔ان خیالات کا اظہاروزیر اعلی کے مشیر برائے ایکسائز،ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول خیبر پختونخوا خلیق الرحمن نے صوبہ بھر کے ایکسائز افسران کے ماہانہ اجلاس کی صدارت کرنے کے دوران کیااجلاس کے دوران تمام ایکسائز ضلعی دفاتر اور ریجنل دفاتر کی دو ماہ جولائی اور اگست 22-2021 کی محاصل ریکوری اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، اچھی کارکردگی دکھانے والے ڈائریکٹرز اور ETOs کی کاردگی کو سراہا گیا اور دیگر کو محاصل ریکوری بہتر بنانے اور مقررہ ہدف پورا کرنے کے احکامات جاری کئے گئے، اس کے علاوہ انسداد منشیات مہم میں محکمہ کی کارکردگی کا جائزہ لیاگیا۔مشیر ایکسائز نے منشیات کے خلاف انٹیلیجنس بیس کاروائیوں کا دائرہ کار بڑھانے اور خصوصی طور تعلیمی اداروں کو منشیات کی لعنت سے پاک کرنے پر زور دیا،مشیر ایکسائز نے اس موقع پر ٹیکس دھندگان، گاڑی مالکان اور عوام کو محکمہ ایکسائز سے متعلق ہر قسم سہولیات فراہم کرنے کے احکامات جاری کئے، اجلاس کو پکڑی گئی غیر قانونی گاڑیوں اور انکے قانونی عمل پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، اجلاس کے دوران محکمہ میں جاری ریفارمز پر تفصیلی بات چیت ہوئی، آنلائن ٹوکن ٹیکس، گاڑیوں کی رجسٹریشن نظام میں بہتری، گاڑی نمبر پلٹس، پراپرٹی ٹیکس کیلئے GISبیسڈ نظام وغیرہ پر تفصیلی بات چیت ہوئی، مشیر ایکسائز نے اس موقع پرمحکمہ کی کارکردگی اور استعداد کار بڑھانے کیلئے ریفارمز پر کام تیز کرنے کے ہدایات جاری کیئے گئے۔ مشیر ایکسائز خلیق الرحمن نے کہا کہ پاکستان اور صوبہ خیبر پختونخوا میں پہلی مرتبہ گاڑیوں کی رجسٹریشن ایک روپے کردی گئی ہے جس سے صوبے میں گاڑیوں کی رجسٹریشن میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ پراپرٹی ٹیکس کا دائرہ کار وسیع کرنے کے لئے مختلف اضلاع میں جی آئی ایس سروے ہو رہے ہیں۔ جس سے پراپرٹی ٹیکس کا دائرہ کار میں وسعت پیدا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ اچھی کارکردگی پر محکمہ کے افسران اور اہلکاروں کو انعامات دئیے جائیں گے۔