دنیا میں کورونا وائرس کیسز 22 کروڑ 66 لاکھ سے متجاوز

September 15, 2021

دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباء کی چوتھی لہر سے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اس کے باعث اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 22 کروڑ 66 لاکھ 79 ہزار 709 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے اموات 46 لاکھ 63 ہزار 197 ہو گئیں۔

کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 1 کروڑ 86 لاکھ 32 ہزار 320 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 1 لاکھ 2 ہزار 353 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 20 کروڑ 33 لاکھ 84 ہزار 192 کورونا مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا تا حال پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 6 لاکھ 82 ہزار 341 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 4 کروڑ 22 لاکھ 88 ہزار 205 ہو چکی ہے۔

1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس وائرس سے 4 لاکھ 43 ہزار 528 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ 3 کروڑ 33 لاکھ 16 ہزار 755 مریض سامنے آ چکے ہیں۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی اس فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر ہے تاہم یہ اموات کے حوالے سے فہرست میں دوسرے نمبر پر ہے، جہاں اس جان لیوا وائرس سے 5 لاکھ 87 ہزار 847 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس کے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 کروڑ 10 لاکھ 19 ہزار 830 ہو گئی۔

برطانیہ میں کورونا وائرس کے باعث اموات کی تعداد 1 لاکھ 34 ہزار 446 ہو گئی جبکہ کیسز کی تعداد 72 لاکھ 82 ہزار 810 ہو چکی ہے۔

کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 1 لاکھ 94 ہزار 249 ہو گئیں، اس کے مریضوں کی تعداد 71 لاکھ 76 ہزار 85 ہو چکی ہے۔

فرانس میں کورونا وائرس کی وباء سے مجموعی اموات 1 لاکھ 15 ہزار 697 ہو چکی ہیں، جہاں اس کے اب تک کُل کیسز 69 لاکھ 17 ہزار 460 رپورٹ ہوئے ہیں۔

ترکی میں کورونا وائرس سے اموات 60 ہزار 393 تک جا پہنچی ہیں جبکہ کیسز 67 لاکھ 10 ہزار 666 ہو چکے ہیں۔

ایران میں کورونا وائرس سے کُل اموات کی تعداد 1 لاکھ 15 ہزار 167 ہو گئی جبکہ اس کے کل کیسز 53 لاکھ 40 ہزار 656 ہو گئے۔

ارجنٹینا میں کورونا وائرس کی وباء سے اموات 1 لاکھ 13 ہزار 816 ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 52 لاکھ 29 ہزار 848 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔

کولمبیا اس فہرست میں 10 ویں نمبر پر پہنچ گیا ہے جہاں کورونا وائرس 1 لاکھ 25 ہزار 713 زندگیاں نگِل چکا ہے، جبکہ اب تک اس موذی وباء کے 49 لاکھ 32 ہزار 998 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

سعودی عرب اسی فہرست میں 51 ویں نمبر پر پہنچ چکا ہے جہاں کورونا وائرس سے اب تک کل اموات 8 ہزار 633 رپورٹ ہوئی ہیں جبکہ مملکت میں کورونا مریضوں کی تعداد 5 لاکھ 46 ہزار 163 تک جا پہنچی ہے۔

1 ارب 43 کروڑ سے زائد آبادی والے ملک چین میں کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا، چین اس فہرست میں 109 نمبر پر پہنچ چکا ہے، جہاں کورونا مریضوں کی تعداد 95 ہزار 413 ہو چکی ہے جبکہ کُل ہلاکتوں کی تعداد کافی عرصے سے 4 ہزار 636 پر رکی ہوئی ہے۔

سماجی فاصلے، ماسک کو نظر انداز کرنے اور ایس او پیز کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان میں کورونا وائرس کی چوتھی لہر زور پکڑنے لگی، ملک کورونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں ایک بار پھر 30 ویں نمبر پر آ گیا، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 5 فیصد سے نیچے آ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے مزید 2 ہزار 714 کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 73 افراد اس موذی وباء کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 10 ہزار 923 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 4 اعشاریہ 7 فیصد ہو گئی۔

پاکستان بھر میں کورونا وائرس کے اب تک 26 ہزار 938 مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 12 ہزار 809 ہو چکی ہے۔

ملک بھر میں اسپتالوں، قرنطینہ سینٹرز، وینٹی لیٹرز اور گھروں میں کورونا وائرس کے 77 ہزار 532 مریض زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 5 ہزار 122 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے، جبکہ 11 لاکھ 8 ہزار 339 مریض اب تک اس بیماری سے شفایاب ہو چکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں ملک میں کورونا وائرس کے مزید 56 ہزار 733 ٹیسٹ کیئے گئے، جبکہ اب تک کُل 1 کروڑ 86 لاکھ 25 ہزار 952 کورونا ٹیسٹ کیئے جا چکے ہیں۔

پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 8 لاکھ 90 ہزار 980 افراد کو کورونا وائرس کی ویکسین دی گئی، اب تک کُل 7 کروڑ 4 لاکھ 2 ہزار 987 کورونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں جبکہ 2 کروڑ 28 لاکھ 73 ہزار 298 افراد کی مکمل ویکسینیشن ہو چکی ہے۔