PSO کی LNG ٹرم کارگو منسوخی سے 31 ملین ڈالر کا بوجھ پڑیگا

September 16, 2021

اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) کی جانب سے رواں ماہ ستمبر کے لیے قطر سے ایک ایل این جی ٹرم کارگو منسوخ کرنے کی اطلاع سامنے آئی ہےاور اس کی جگہ اس نے اسپاٹ کارگو زیادہ قیمت پر خریدا ہے جس کا اثر RLNG صارفین پر 31ملین ڈالرز پڑے گا۔ سرکاری کمپنی، جو برینٹ کے 13.37فیصد کی قیمت پر 15سال کے طویل المدتی معاہدے کے تحت قطر سے ایک ماہ کے 5ٹرم کارگو درآمد کرتی ہے، نے ایک ایل این جی ٹرم کارگو منسوخ کر دیا ہے جس کی قیمت 9.6994 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو ہے اور اس کی جگہ اس نے اسپاٹ کارگو 7.84 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو کے اثر کے ساتھ 17.54 ڈالرز فی ایم ایم بی ٹی یو میں خریدا ہے جس کے نتیجے میں ملک بھر میں RLNG صارفین پر 31ملین ڈالر کا بوجھ پڑے گا۔ اس کے نتیجے میں سی این جی کی قیمت میں 8روپے فی لیٹر اضافہ ہوگا۔ اوگرا کے باخبر ذرائع نے دی نیوز کو اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ تاہم منیجنگ ڈائریکٹر پی ایس او نے یہ دلیل دیتے ہوئے ٹرم کارگو کی منسوخی سے بجا طور پر انکار کردیا ہے کہ ستمبر کے مہینے میں اپنے سالانہ ڈیلیوری پلان (ADP) کے تحت 6 کارگوز، 4 قطر سے اور 2 اسپاٹ سے، کی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔