3 ماہ کے دوران ایک ملین نئی ملازمتوں کے مواقع سامنے آگئے

September 16, 2021

لندن(پی اے ) سرکاری اعدادوشمار کے مطابق اگست میں ختم ہونے والی سہ ماہی کے دوران معیشت کی بحالی کی رفتار تیز ہونے کے ساتھ ہی 3ماہ کے دوران ایک ملین نئی ملازمتوں کے مواقع سامنے آگئے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔اعدودشمار سے یہ بھی ظاہرہوتاہے کہ ملازمتوں کی شرح اگست میں ہی کورونا سے قبل کی سطح پر آگئی تھی قومی شماریات دفتر کے مطابق اگست کے پے رول سے ظاہرہوتا ہے کہ ملازمین کی تعداد میں 241,000 کااضافہ ہوگیا ہے ،تاجروں کاکہناہے کہ کورونا کے بعد عملے کی طلب میں اضافے کی وجہ سےلیبر کی کمی پیداہونے کاخطرہ پیداہوگیاہے اور لیبر کی کمی کی صورت ترقی کی شرح رک جائے گی۔ قومی شماریات دفتر کے ڈپٹی ماہر شماریات جوناتھن کا کہناہے کہ ہمارے سروے سے ظاہرہواہے کہ ابھی بھی ایک ملین سے زیادہ ملازمین فرلو پر ہیں ،لیکن انھوں نے کہا کہ ہر شعبے میں بحالی یکساں نہیں ہے اور لندن جیسے شہر میں ہاسپٹلٹی اور بعض دیگر شعبوں میں اب بھی مندی کارجحان ہے۔قومی شماریات دفتر کے مطابق ملازمتوں سے محرومی سے سب سے زیادہ نوجوان متاثر ہوئے ہیں تاہم بحیثیت ملازمتوں کی صورت حال مسلسل بہتر ہورہی ہے خاص طورپر نوجوانوں کو جو کورونا سے سب سے زیادہ بری طرح متاثر ہوئے تھے اب ملازمتوں کے مواقع حاصل ہورہے ہیں، اور بیروزگاری کی شرح میں بتدریج کمی ہورہی ہے، انھوں نے بتایا کہ جولائی کوختم ہونے والی سہہ ماہی کے دوران بیروزگاری کی شرح 4.7 فیصد سے کم ہوکر4.6 فیصد رہ گئی۔برٹش ایوان صنعت وتجارت کے اکنامکس کے سربراہ سائرن تھیرو کاکہناہے کہ ملازمین کی شدید کمی محسوس کی جارہی ہے بریگزٹ اور کورونا کے بعد ملازمین کی کمی نے شدت اختیار کرلی ہے تاہم قومی شماریات دفتر کے ماہرین کاکہناہے کہ فرلو اسکیم کے خاتمے میں صورت حال کسی حد تک بہتر ہوجائے گی۔معیشت کی بحالی شروع ہونے کے بعد فوڈ اور رہائشی سیکٹر میں ملازمتوں کے مواقع میں سب سے زیادہ اضافہ ہواہے اور اگست میں ان شعبوں میں 57,600 ملازمتوں کےنئے مواقع پیداہوئے فوڈ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی بعض کمپنیوں کو پھل توڑنے والے ملازمین اور ٹرک ڈرائیوروں کی کمی کاسامناہے سپر مارکیٹ کے مالکان نے بھی کرسمس سے قبل ملازمین کی کمی کامسئلہ حل کرنے کی ضرورت پر زور دیاہے۔جبکہ چانسلر رشی سوناک نے موجودہ اعدادوشمار کی تعریف کرتے ہوئےکہاہے کہ اس سے ظاہرہوتا ہے کہ ملازمتوں کے حوالے سے ہمارا پلان کامیاب رہا انھوں نے کہا کہ کورنا سے نمٹنے کی کوششوں کے ساتھ ہی ہماری توجہ لوگوں کی ملازمتوں کو تحفظ دینے پر ہے ۔