سلو واکیا میں یورپی یہودیوں کی نسل کشی باعث ندامت ہے، پوپ فرانسس

September 16, 2021

براٹسلاوا (اے پی پی)پاپائے روم اور کیتھولک چرچ کے سربراہ و عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس نے دوسری عالمی جنگ کے دوران سلو واکیا میں جرمن نازی دور حکومت میں یورپی یہودیوں کی نسل کشی کو باعث ندامت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں متحد ہو کر ہر قسم کے تشدد ، انسانیت کے خلاف جرائم ،نفرت کی لہر اور یہود مخالف جذبات کی مذمت کرنے اور اسے روکنے کی ضرورت ہے۔ جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق انہوں نے گزشتہ روز سلوواکیا کے دارالحکومت براٹسلاوا میں میموریل پر ہولوکاسٹ کے دوران قتل ہونے والے ہزاروں یہودیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے دوسری عالمی جنگ کے دوران نفرت کی لہر اور یہود مخالف جذبات کے تسلسل کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ آپ کے دکھ ہمارے دکھ ہیں جس میں ہم آپ کے ساتھ ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ واضح رہے کہ سلوواکیا میں دوسری عالمی جنگ کے دوران جرمن نازی حکومت کا اقتدار تھا جس کی سربراہی کیتھولک پادری جوزف ٹیسو نے کی تھی اور جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی حمایت کی تھی اور سلوواکیا کے ہزاروں یہودیوں کی نسل کشی اور ظلم و جبر میں ممکنہ کردار ادا کیا۔ پوپ فرانسس دورہ ہنگری کے بعد اتوار کو سلوواکیا پہنچے تھے۔