اسلام آباد، 8 کمرشل بلڈنگز میں بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں کا انکشاف

September 16, 2021

اسلام آ باد ( رانا غلام قادر ) وفاقی دارالحکومت اسلام آ باد کی 8کمرشل بلڈنگز میں سی ڈی اے کے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے۔ یہ انکشاف سی ڈی اے کی جانب سے مرتب کردہ ایک رپورٹ میں کیا گیا جو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کرایا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق ایف سیون مرکز کے پلاٹ نمبر پانچ صفا گولڈ مال کے مالک نے 3فلور (چھٹا ‘ ساتواں اور آٹھواں)بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کئے ۔رپورٹ کے مطابق سی ڈی اے نے اس خلاف ورزی پر پلاٹ کی الاٹمنٹ منسوخ کردی ہے۔ انتظامیہ کا دفتر اور ساتو یں فلور کو سر بہر کیا گیا ہے۔ یہ معا ملہ نیب کورٹ میں زیر سماعت ہے۔ایف سیون مرکز اسلام آ باد کے پلاٹ نمبر 12Cکے مالک نے منظوری لئے بغیر تعمیرات کرکے بلڈنگ بائی لاز کی خلاف ورزی کی لیکن اس پر جرمانہ لگا کر ریگو لرائز کر دیاگیا ہے۔