وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام کرینگے،بی اے پی

September 16, 2021

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کی مرکزی ایگزیکٹو کونسل کے رکن حاجی حبیب ترین نے کہا ہے کہ بلوچستان عوامی پارٹی اور اس کی اتحادی جماعتوں کے ارکان اسمبلی وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی قیادت میں متحد ہیں ، وزیراعلیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو ناکام کرینگے ، وزیراعلیٰ جام کمال خان کی حکومت پانچ سال پورے کرے گی ۔یہ بات انہوں نے بدھ کی شب سردار مرزا خان خروٹی ، حاجی عبدالطیف ترین ، حمید خان اوردیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس میں کہی ۔ حاجی حبیب ترین نے کہا کہ مخلوط صوبائی حکومت نے 3 سال کے دوران صوبے کے تمام علاقوں میں یکساں بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے اور صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے جن کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی، حکومتی ارکان کے حلقوں کے ساتھ اپوزیشن کے حلقوں کو بھی برابری کی بنیاد پر فنڈز دیئے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے کوئٹہ میں سریاب روڈ ، لنک بادینی روڈ ، سرکی روڈ ، سبزل روڈ کو چوڑا کرنے سمیت صوبے کے دور دراز علاقوں میں بڑے ترقیاتی کام شروع کئے جس سے ایک طرف روزگار کے مواقع پیدا ہونگے تو دوسری طرف صوبہ ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے وقتاً فوقتا ًوزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف ایسی کوششیں ہوتی ہیں جس میں ہمیشہ اپوزیشن جماعتوں کو منہ کی کھانی پڑی اب ایک مرتبہ پھر اپوزیشن کے ارکان نے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک بلوچستان اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کرائی ہے جس میں اپوزیشن جماعتوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا ۔