کرینہ کپور کو ممبئی ایئرپورٹ پر کیوں روکا گیا؟

September 16, 2021

بالی ووڈ کی ہر دلعزیز اداکارہ کرینہ کپور کو ممبئی کے ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اہلکار کی جانب سے روکنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

اداکارہ کرینہ کپور کو اپنے شوہر اداکار سیف علی خان اور دو بیٹوں کے ہمراہ ممبئی ایئرپورٹ پر دیکھا گیا۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سیف علی خان پاسپورٹ اور ٹکٹ دکھا کر بیٹے تیمور علی خان کے ہمراہ ایئرپورٹ میں داخل ہوگئے ۔

اداکارہ کرینہ کپور کو سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے اہلکاروں نے کچھ دیر کے لیے روک لیا۔

اہلکاروں نے اداکارہ کے پاسپورٹ اور ٹکٹ کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد انہیں اپنے چھوٹے بیٹے جہانگیر علی خان کے ہمراہ ایئرپورٹ میں داخلے کی اجازت دی۔

دوسری جانب کرینہ کپور کو ایئرپورٹ پر روکنے والا سیکیورٹی آفیسر ہیرو بن گیا۔

صارفین کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یونیفارم میں ملبوس افسر کی جانب سے اپنے فرائض کی ادائیگی کے طریقہ کار کو پسند کیا جا رہا ہے۔