عرفان خان کے بیٹے نے گریجویشن کرلیا

September 16, 2021

گزشتہ سال انتقال کرجانے والے بالی ووڈ کے لیجنڈری اداکار عرفان خان کے بیٹے بابیل خان نے لندن کی یونیورسٹی سے گریجویشن کی ڈگری حاصل کرلی۔

بابیل خان نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی گریجویشن کی ڈگری کی تصویر شیئر کی جو کہ اُنہوں نے لندن کییونیورسٹی آف ویسٹ منسٹر سے حاصل کی ہے۔


عرفان خان کے بیٹے نے آرٹس کے شعبے میں لندن سے اپنا گریجویشن مکمل کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنی پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’کسی طرح، میں نے ڈراپ آؤٹ کرنے کے باوجود بھی اپنی ڈگری حاصل کر لی ہے۔‘

بابیل کی پوسٹ پر کمنٹ کرتے ہوئے اُن کی والدہ ستاپا سکدر نے لکھا کہ ’بیٹا! آپ کو بہت مبارک ہو لیکن مجھے ایسا لگتا ہے کہ تمہارے بابا چاہتے تھے کہ تُم یہ ڈگری مکمل کرو۔‘

واضح رہے کہ رواں سال جون میں بابیل خان نے اپنی انسٹاگرام پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ درمیان میں ہی اپنی یونیورسٹی چھوڑ رہے ہیں کیونکہ وہ اب اداکاری کی دُنیا میں قدم رکھنے جارہے ہیں اور اس کے لیے اُنہیں درمیان میں ہی اپنی تعلیم چھوڑنی پڑے گی۔

بابیل خان نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ خود کو صرف اداکاری تک ہی محدود نہیں رکھیں گے بلکہ وہ اداکاری کے ساتھ ساتھ موسیقی کو بھی جاری رکھیں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ سال 29 اپریل کو ورسٹائل اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں کولون انفیکشن کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ عرفان خان کے لواحقین میں اہلیہ اور دو بیٹے ایان اور بابیل شامل ہیں۔