پاکستان میں تیل کی قیمتیں خطے میں اب بھی سب سے کم ہیں: فواد چوہدری

September 16, 2021

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پاکستان میں تیل کی قیمتیں اب بھی خطے میں سب سے کم ہیں۔

جاری کیئے گئے ایک بیان میں وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی قوتِ خرید بھارت سے بہتر ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 60 فیصد آبادی زراعت سے وابستہ ہے جن کی 1100 ارب روپے اضافی آمدنی ہوئی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ تعمیرات اور انڈسٹری سے وابستہ کروڑوں لوگوں کی آمدن میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ملک میں مستری اور مزدور کی دیہاڑی بھی 3 گنا بڑھ گئی ہے۔

فواد چوہدری کا مزید کہنا ہے کہ اصل کامیابی یہ ہے کہ 75 فیصد آبادی کی آمدنی میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوا۔

وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات کا یہ بھی کہنا ہے کہ جب تیل باہر سے خریدنا ہے تو قیمت بڑھے گی، یہی اصول باقی درآمدات کے لیے بھی ہے۔